
خلیج اردو
دبئی: ایشیا کپ 2025 کے سب سے بڑے معرکے میں کل بروز اتوار 28 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں انڈیا اور پاکستان آمنے سامنے ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل سے قبل دبئی پولیس نے شائقین کو اسٹیڈیم کے قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کو 30 ہزار درہم تک کے جرمانے اور قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
پولیس نے کہا ہے کہ شائقین ٹکٹ کی درستگی لازمی چیک کریں اور صرف ان ہی گیٹس سے داخل ہوں جو منتظمین نے مختص کیے ہیں۔ شائقین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ میچ شروع ہونے سے کم از کم تین گھنٹے قبل پہنچیں، صرف ایک انٹری کی اجازت ہوگی اور دوبارہ داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔
ایونٹس سکیورٹی کمیٹی اور دبئی پولیس کے مطابق، اسٹیڈیم میں آتش بازی، فلیئرز، لیزر پوائنٹرز، آتش گیر مادے، خطرناک اشیاء، ہتھیار، بڑے چھتریاں، سیلفی اسٹکس، غیر منظور شدہ بینرز یا جھنڈے، پالتو جانور، سائیکلیں، اسکوٹرز، شیشے کی بوتلیں اور باہر کا کھانا یا مشروبات لانے پر پابندی ہوگی۔
خلاف ورزی پر مختلف سزائیں متعین کی گئی ہیں: میدان میں داخلے یا ممنوعہ اشیاء لانے پر ایک سے تین ماہ قید اور 5 ہزار سے 30 ہزار درہم تک جرمانہ، تشدد یا بدسلوکی پر 10 ہزار سے 30 ہزار درہم تک جرمانہ اور ممکنہ قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔
ٹریفک پولیس نے وارننگ دی ہے کہ شام 4 بجے کے بعد دبئی اسپورٹس سٹی اور اطراف میں شدید ٹریفک جام متوقع ہے، خاص طور پر الختیل روڈ، شیخ محمد بن زاید روڈ، حصہ اسٹریٹ، ام سقیم اسٹریٹ اور البرشاء سے اسٹیڈیم جانے والے راستوں پر۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وقت سے پہلے نکلیں، متبادل راستے اختیار کریں اور ممکن ہو تو پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔
پارکنگ کے لیے اسٹیڈیم کے مخصوص لاٹس (P1 تا P4) مختص ہیں جو جلد بھر سکتے ہیں۔ متبادل پارکنگ دبئی موٹر سٹی اور دبئی اسٹوڈیو سٹی میں قائم کی گئی ہے جہاں سے شٹل بسوں کے ذریعے شائقین کو اسٹیڈیم پہنچایا جائے گا۔







