
خلیج اردو
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو وائی فائی سٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور شہر اقتدار میں شہریوں کو مفت سہولت دینے کے لیے فریم ورک تیار کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے اسلام آباد کے 30 مختلف مقامات پر شہریوں کو مفت وائی فائی کی فراہمی کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کی گئی ہیں۔
وزارت داخلہ نے تحریری جواب کے ذریعے بتایا کہ یہ سہولت سی ڈی اے اور نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے تعاون سے فراہم کی جائے گی۔ تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ مقررہ مقامات پر مفت وائی فائی کی دستیابی کا آزمائشی دورانیہ دسمبر 2025 کے آخر تک ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق میٹرو اسٹیشن پاک سیکریٹریٹ سے یوپی روڈ تک 14 اسٹیشنز اور میٹرو اسٹیشن فیض احمد فیض سے جی ٹی روڈ 26 نمبر تک 70 اسٹیشنز پر فری وائی فائی کی سہولت دی جائے گی۔ اسی طرح سی ڈی اے ہسپتال، جاپانی پارک، لیک ویو پارک اور دامن کوہ پر بھی یہ سہولت دستیاب ہوگی۔ اس کے علاوہ فاطمہ جناح پارک، اتوار بازار جی 6، اتوار بازار ایچ 9، ایف 6 مرکز اور ایف 7 مرکز میں بھی شہری مفت وائی فائی استعمال کر سکیں گے۔







