متحدہ عرب امارات

امارات اور سات ممالک نے ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کا خیرمقدم کیا

خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان اور سات ممالک کے وزرائے خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے خطے میں جنگ کے خاتمے اور قیام امن کی امریکی کوششوں کو سراہا ہے۔

پیر کے روز صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم کی منظوری کے ساتھ 20 نکاتی معاہدہ پیش کیا، جس میں جنگ بندی، حماس کی جانب سے یرغمالیوں کی رہائی، حماس کا غیر مسلح ہونا اور بتدریج اسرائیلی انخلا شامل ہے۔

مشترکہ بیان میں سعودی عرب، قطر، مصر، اردن، ترکی، انڈونیشیا اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے کہا کہ وہ امریکہ اور تمام فریقین کے ساتھ مثبت انداز میں مشغول ہونے کے لیے تیار ہیں تاکہ معاہدے کو حتمی شکل دے کر اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے، اس طرح کہ خطے کے عوام کے لیے امن، سلامتی اور استحکام یقینی بنایا جا سکے۔

وزرائے خارجہ نے کہا کہ اس معاہدے سے غزہ میں بغیر کسی رکاوٹ کے انسانی امداد کی ترسیل، فلسطینیوں کی عدم بے دخلی، یرغمالیوں کی رہائی، تمام فریقین کے لیے سلامتی کا میکنزم اور مکمل اسرائیلی انخلا یقینی ہو گا۔

بیان کے مطابق یہ معاہدہ غزہ کی تعمیر نو، جامع امن کی راہ ہموار کرنے اور دو ریاستی حل کے تحت غزہ کو مغربی کنارے کے ساتھ ایک مکمل فلسطینی ریاست میں ضم کرنے کو یقینی بناتا ہے، جو بین الاقوامی قانون کے مطابق خطے میں پائیدار امن و سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔

وزرائے خارجہ نے خطے میں امن کے حصول کے لیے امریکہ کے ساتھ شراکت داری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button