
خلیج اردو
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران غزہ میں جنگ بندی کے لئے 20 نکاتی امن فارمولا پیش کردیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم غزہ معاہدے کے بالکل قریب پہنچ چکے ہیں اور اس معاہدے کو تمام عرب اسلامی ممالک کی حمایت بھی حاصل ہے۔ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے امن معاہدہ تسلیم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کی قیادت وہ خود کریں گے۔
سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر بھی اس معاہدے کا حصہ ہوں گے۔ صدر ٹرمپ نے بتایا کہ اسرائیل اپنے مغویوں کی فوری واپسی چاہتا ہے اور حماس کی منظوری کی صورت میں تمام مغوی رہا کیے جائیں گے، بصورت دیگر نیتن یاہو کو ان کی حمایت حاصل ہوگی۔ ملاقات میں نیتن یاہو نے آزاد فلسطینی ریاست کی مخالفت کی جبکہ صدر ٹرمپ نے گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی قبضے کی حمایت کا اعلان کیا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ ایران سے امن معاہدے پر بھی بات چیت کی ہے اور انہیں امید ہے کہ ایران ایک دن ابراہم معاہدے کا حصہ ہوگا۔






