متحدہ عرب امارات

اتحاد ریل کی دبئی سے ٹرین سروس کی بکنگ دوبارہ شروع، ابوظبی کا کرایہ 39 درہم سے مقرر

خلیج اردو
اتحاد ریل نے دبئی سے مسافر ٹرین سروس کے لیے ٹکٹوں کی بکنگ دوبارہ شروع کردی ہے، جبکہ دبئی سے ٹرین سروس کا باقاعدہ آغاز 30 ستمبر سے ہوگا۔ بکنگ پلیٹ فارم کے مطابق دبئی سے ابوظبی اور فجیرہ کے لیے براہ راست ٹرین سروس دستیاب ہوگی۔

30 ستمبر کو دبئی سے ابوظبی جانے والی کمفرٹ کلاس کا کرایہ 39 درہم جبکہ پریمیم کلاس کا کرایہ 109 درہم سے شروع ہوگا۔ دبئی سے ابوظبی کے درمیان سفر کا دورانیہ ایک گھنٹہ 4 منٹ ہوگا اور اس روٹ پر روزانہ پانچ براہ راست سروسز دستیاب ہوں گی۔

دبئی سے ابوظبی کے لیے پہلی ٹرین صبح 6 بج کر 14 منٹ پر روانہ ہوکر 7 بج کر 18 منٹ پر پہنچے گی، دوسری سروس صبح 7 بج کر 14 منٹ پر روانہ ہوگی۔ اس کے علاوہ دوپہر 1 بج کر 14 منٹ، شام 5 بج کر 14 منٹ اور شام 6 بج کر 14 منٹ پر بھی ٹرینیں روانہ ہوں گی۔

ابوظبی سے دبئی کے لیے بھی 30 ستمبر کو پانچ براہ راست سروسز دستیاب ہوں گی۔ ان ٹرینوں کا سفر ایک گھنٹہ 4 منٹ پر مشتمل ہوگا جبکہ کمفرٹ کلاس کے کرائے 39 درہم اور پریمیم کلاس کے کرائے 109 درہم سے شروع ہوں گے۔

دبئی سے فجیرہ جانے والی براہ راست ٹرین 30 ستمبر کو دوپہر 1 بج کر 57 منٹ پر روانہ ہوکر 3 بج کر 7 منٹ پر فجیرہ پہنچے گی۔ ایک گھنٹہ 10 منٹ کے سفر کے لیے کمفرٹ کلاس کا کرایہ 29 درہم جبکہ پریمیم کلاس کا کرایہ 89 درہم سے شروع ہوگا۔

فجیرہ سے دبئی کے لیے 30 ستمبر کی براہ راست سروس صبح 11 بج کر 54 منٹ پر روانہ ہوکر دوپہر 1 بج کر 4 منٹ پر دبئی پہنچے گی۔ اس سروس کے لیے بھی کمفرٹ کلاس کا کرایہ 29 درہم اور پریمیم کلاس کا کرایہ 89 درہم سے شروع ہوگا۔

دبئی میں مسافر جمیرہ گالف اسٹیٹس کے علاقے میں واقع دبئی ال یلایس اسٹیشن سے ٹرین میں سوار ہوں گے۔ اسٹیشن دبئی میٹرو کی ریڈ لائن سے منسلک ہے جبکہ یہاں بس، ٹیکسی اور آن لائن رائیڈ سروسز بھی دستیاب ہوں گی۔

اسٹیشن پر مجموعی طور پر 265 پارکنگ کی جگہیں موجود ہیں، جن میں 260 عام گاڑیوں اور 5 برقی گاڑیوں کے لیے مختص ہیں۔ اتحاد ریل کی ویب سائٹ پر فی الحال نصف دن اور پورے دن کی پارکنگ فیس 30 درہم درج ہے۔

ال یلایس اسٹیشن جمیرہ گالف اسٹیٹس میٹرو اسٹیشن سے تقریباً ایک ہزار میٹر کے فاصلے پر ہے اور دونوں مقامات کے درمیان منتقلی کے لیے پل بھی موجود ہے۔ جمیرہ گالف اسٹیٹس ون بس اسٹاپ تقریباً 1.1 کلومیٹر دور ہے جبکہ علاقے میں آر ٹی اے کی ایف 38 بس سروس بھی دستیاب ہے۔

اسٹیشن پر وائی فائی، ٹکٹ مشینیں، انتظار گاہیں، فیملی ویٹنگ ایریا، فرسٹ ایڈ روم، ریٹیل اور کھانے کے مراکز، واش روم، نماز کی جگہ، ٹیکسی اور آن لائن رائیڈ سروسز کے لیے پک اینڈ ڈراپ سہولت بھی موجود ہے۔

اتحاد ریل کی ویب سائٹ کے مطابق مسافر آن لائن بکنگ کے دوران روانگی اور منزل کا اسٹیشن، سفر کی تاریخ اور کلاس منتخب کرکے دستیاب ٹرینوں کے اوقات، سفر کا دورانیہ اور کرایہ دیکھ سکتے ہیں۔ فجیرہ کے لیے کرایے مختلف تاریخوں پر تبدیل ہوسکتے ہیں، اس لیے مسافروں کو ٹکٹ خریدنے سے قبل اپنی مطلوبہ تاریخ کا کرایہ چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button