
خلیج اردو
بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر شیرین صبیر اپنی شادی کے دوران بیمار ہونے والی دو کیٹرنگ ورکرز کا فوری علاج کرنے پر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
بحرین میں پرورش پانے والی ڈاکٹر شیرین کی شادی 19 اگست کو ہوئی۔ شادی کی تقریب کے دوران کیٹرنگ اسٹاف کی دو خواتین کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ ایک خاتون کو ناک سے خون آنے جبکہ دوسری کو چکر آنے کی شکایت تھی۔
لوگوں میں سے کسی نے دلہن کو ان کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاع دی تو ڈاکٹر شیرین نے عروسی لباس میں ہی فوری طور پر ان کی مدد شروع کردی۔
ڈاکٹر شیرین کے مطابق ناک سے خون آنے والی خاتون کی ناک کو دبایا گیا، انہیں آگے کی جانب جھکنے اور منہ سے سانس لینے کی ہدایت کی گئی جس سے خون بہنا رک گیا۔ چکر آنے والی خاتون کو لیٹایا گیا اور ٹانگ اوپر رکھنے سے ان کی طبیعت بہتر ہوگئی۔
ڈاکٹر شیرین نے کہا کہ انہوں نے بیمار خواتین کی مدد اسی طرح کی جیسے وہ کسی عام دن بغیر کسی دوسری سوچ کے کرتیں۔ ان کے مطابق شادی میں شریک کسی شخص کی طبیعت خراب ہونے پر مدد کرنا ان کی ذمہ داری تھی اور وہ اسے کوئی بڑی بات نہیں سمجھتیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے ڈاکٹر شیرین کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انسانیت اور اپنے پیشے کی ذمہ داری کو ترجیح دی۔ ویڈیو کو سوشل میڈیا پر لاکھوں بار دیکھا گیا جبکہ صارفین نے ڈاکٹر شیرین کے لیے احترام اور فخر کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر شیرین نے کہا کہ عوام کی جانب سے ملنے والا ردعمل ان کی توقع سے کہیں زیادہ تھا اور انہیں خوشی ہے کہ لوگ اس واقعے پر خوش اور فخر محسوس کر رہے ہیں۔







