
خلیج اردو
دبئی کی معروف تفریحی منزل گلوبل ولیج نے سیزن 31 کے آغاز سے قبل جعلی ویب سائٹس اور غیر مجاز فروخت کنندگان کی جانب سے وی آئی پی پیکس کی فروخت کے خلاف عوام کو خبردار کردیا ہے۔
گلوبل ولیج کے مطابق سیزن 31 کے خصوصی وی آئی پی پیکس صرف کوکا کولا ایرینا کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے خریدے جاسکتے ہیں، جبکہ کسی دوسرے ویب سائٹ، فروخت کنندہ یا فرد کو یہ پیکس فروخت کرنے کا اختیار نہیں دیا گیا۔
انتظامیہ نے خبردار کیا کہ غیر مجاز ذرائع سے خریداری میں فراڈ کا خطرہ موجود ہے اور ایسے ذرائع سے حاصل کیے گئے وی آئی پی پیکس شرائط و ضوابط کے تحت منسوخ یا غیر فعال کیے جاسکتے ہیں۔
دبئی پولیس نے بھی 19 ستمبر کو گلوبل ولیج کے نئے سیزن کے حوالے سے جعلی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے خبردار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق جعل ساز سیزن 31 کی پیشکشوں میں عوام کی دلچسپی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے رقم اور ذاتی معلومات چرانے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
دبئی پولیس نے شہریوں اور رہائشیوں پر زور دیا کہ غیر معمولی طور پر کم قیمت یا ناقابل یقین پیشکشوں سے متاثر نہ ہوں اور ٹکٹ یا پیکجز صرف سرکاری اور مجاز ذرائع سے خریدیں، جبکہ نامعلوم ذرائع سے موصول ہونے والے لنکس اور اکاؤنٹس سے گریز کیا جائے۔
گلوبل ولیج کے سیزن 31 کے وی آئی پی پیکس کی فروخت 26 ستمبر سے شروع ہوئی ہے۔ اس بار پیکس کو گلوبل ولیج کی نئی گلوبل ولیج اسٹوری بک تھیم کے تحت تیار کیا گیا ہے، جبکہ مجموعی طور پر 6 وی آئی پی اور میگا پیک آپشنز متعارف کرائے گئے ہیں۔
ڈائمنڈ وی آئی پی پیک کی قیمت 7 ہزار 900 درہم جبکہ ترجیحی بکنگ فیس ایک ہزار درہم ہے۔ پلاٹینم پیک 3 ہزار 490 درہم اور ترجیحی بکنگ فیس 500 درہم، گولڈ پیک 2 ہزار 490 درہم اور فیس 300 درہم، جبکہ سلور پیک ایک ہزار 890 درہم اور فیس 200 درہم مقرر کی گئی ہے۔
وی آئی پی پیک خریدنے کے لیے عمر 18 سال یا اس سے زیادہ اور کارآمد ایمریٹس آئی ڈی ہونا ضروری ہے۔ میگا گولڈ اور میگا سلور پیکس بھی واپس لائے گئے ہیں، جن کی قیمت بالترتیب 4 ہزار 990 اور 3 ہزار 490 درہم ہے۔ ان پیکس میں گلوبل ولیج کی خصوصی سہولیات کے ساتھ دبئی پارکس اینڈ ریزورٹس کے موسمی پاسز یا ٹکٹس بھی شامل ہیں۔
گلوبل ولیج کا سیزن 31، 14 اکتوبر سے شروع ہوگا اور مئی 2027 تک 7 ماہ سے زائد جاری رہے گا۔ اس سیزن کا موضوع اے مور ونڈرفل ورلڈ رکھا گیا ہے، جس کے تحت تفریح، کھانے اور خریداری کی مختلف سہولیات پیش کی جائیں گی۔







