متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں گولڈن ویزا ہولڈرز کیلئے قونصلر سروسز کا اعلان

خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے گولڈن ویزا ہولڈرز کیلئے بیرونِ ملک ہنگامی حالات میں مدد فراہم کرنے کیلئے خصوصی قونصلر سروسز کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اقدام منگل 14 اکتوبر کو وزارتِ خارجہ کی جانب سے کیا گیا۔

وزارت نے بتایا کہ بیرونِ ملک مقیم گولڈن ویزا ہولڈرز کیلئے ایک خصوصی ہاٹ لائن قائم کی گئی ہے، تاکہ قدرتی آفات، بحرانوں یا ہنگامی حالات میں ان کی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے اور متعلقہ حکام کے تعاون سے ضروری امداد اور معاونت فراہم کی جا سکے۔

یہ سروس بیرونِ ملک وفات پانے والے گولڈن ویزا ہولڈرز کی میت کی واپسی اور تدفین کے انتظامات کو بھی شامل کرتی ہے، تاکہ ان کے اہلِ خانہ تمام قونصلر کارروائیاں اور سرکاری مراحل آسانی اور تیزی سے مکمل کر سکیں۔

گولڈن ویزا ہولڈرز کیلئے وزارتِ خارجہ کا خصوصی کال سینٹر نمبر (+97124931133) پر 24 گھنٹے رابطے کی سہولت دستیاب ہوگی۔

مزید یہ کہ اگر کوئی اہل گولڈن ویزا ہولڈر بیرونِ ملک پاسپورٹ گم یا خراب ہونے کی صورت میں مشکلات کا شکار ہو تو وزارت کی جانب سے انہیں الیکٹرانک ریٹرن ڈاکیومنٹ جاری کیا جائے گا، جس کے ذریعے وہ آسانی سے واپس یو اے ای پہنچ سکیں گے۔ یہ سہولت وزارت کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

گولڈن ویزا اسکیم 2019 میں متعارف کرائی گئی تھی، جو طویل المدتی رہائشی ویزا فراہم کرتی ہے۔ اس کے تحت غیر ملکی سرمایہ کار، جائیداد کے مالکان، ممتاز طلبہ، سائنسدان، انجینئر، ہیلتھ ورکرز، فرنٹ لائن ہیروز اور دیگر نمایاں شعبوں سے وابستہ افراد یو اے ای میں بغیر کفیل کے رہائش، کام اور تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔

حال ہی میں دبئی نے غیرمعمولی گیمرز، مواد تخلیق کاروں (انفلوئنسر ویزا) اور نمایاں طلبہ کو گولڈن ویزا دینا شروع کیا ہے، جبکہ راس الخیمہ نے ممتاز اساتذہ کے لیے بھی اس ویزا کا اعلان کیا ہے۔ ابوظہبی نے 2024 میں سپر یاٹ مالکان کیلئے گولڈن ویزا کی منظوری دی تھی۔

گولڈن ویزا کے خواہشمند افراد فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اینڈ پورٹ سیکیورٹی (ICP) یا دبئی کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈنٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز سے رجوع کر کے درخواست دے سکتے ہیں۔ یہ عمل مجاز مراکز یا ICP کی ویب سائٹ کے ذریعے مکمل کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button