
خلیج اردو: متحدہ عرب امارات نے ماہ رمضان میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جاری اقدام کے تحت سینیگال کیلئے 50 میٹرک ٹن غذائی امداد کو طیارے کے ذریعے روانہ کردیا۔
سینیگال میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سلطان علی الحربی کا کہنا تھا کہ عرب امارات اور سینیگال کے درمیان مثالی دوطرفہ تعلقات قائم ہیں جن کی بنیاد دوستی ، یکجہت اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس امدادی طیارے کی روانگی ، دوست و برادر ممالک کیلئے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے جذبات و عزم کا اظہار ہے جس کے تحت ماہ رمضان میں ضرورتمند گھرانوں کی مدد کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سینیگال کے ساتھ عرب امارات کے تعلقات اور رابط ہر سطح پر قائم ہیں اور دونوں کے درمیان اقدار اور موقف پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے دنیا کے 135 ممالک کو 2 ہزار میٹرک ٹن سے زائد میڈیکل سپلائز کی امداد بھیج رکھی ہے جس سے ان ممالک میں طبی شعبہ کے 20 لاکھ سے زائد پروفیشنلز کو معاونت ملی۔







