متحدہ عرب امارات

دبئی پولیس کا جدید اے آئی نظام متعارف، ہنگامی صورتحال میں تین منٹ کے اندر مدد پہنچانے کا ہدف

خلیج اردو
دبئی پولیس نے ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی اور پولیس گشت کی بہتر تقسیم کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید اسمارٹ سیکیورٹی میپنگ پلیٹ فارم متعارف کرادیا۔ نیا نظام لائیو نقشوں کے ذریعے واقعات کی نشاندہی، پولیس گاڑیوں کی موجودگی اور ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لے کر گشتی ٹیموں کو جائے وقوعہ تک پہنچنے کے لیے موزوں ترین راستے تجویز کرتا ہے۔

ورلڈ پولیس سمٹ کے دوسرے روز منگل 17 نومبر کو دبئی پولیس نے اس نظام کا عملی مظاہرہ کیا۔ سیکنڈ لیفٹیننٹ حصّہ المہیری نے بتایا کہ یہ پلیٹ فارم عالمی جغرافیائی معلوماتی نظام فراہم کرنے والی کمپنی ایسری کی میپنگ ٹیکنالوجی استعمال کرتا ہے۔ اسکرین پر سامنے آنے والی رپورٹس حقیقی وقت میں موصول ہونے والی اطلاعات پر مشتمل تھیں، جن کے ساتھ واقعات کے اندراج کا وقت بھی دکھایا جارہا تھا۔

مصنوعی ذہانت پر مبنی یہ نظام صرف جائے وقوعہ کی نشاندہی تک محدود نہیں بلکہ امدادی کارروائی کے لیے پولیس گشت کو تیز ترین راستہ تجویز کرنے کے ساتھ ایسے مقامات کی بھی نشاندہی کرتا ہے جہاں گاڑیاں تعینات کرکے مختلف علاقوں کی بہتر نگرانی کی جاسکتی ہے۔ حصّہ المہیری کے مطابق اس نظام کے ذریعے ہنگامی اطلاعات پر تین منٹ کے اندر ردعمل دینے کا ہدف حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔

پولیس گشت کی تعیناتی کے لیے واقعات کی تعداد، آبادی کی کثافت اور ٹریفک کے دباؤ سمیت مختلف عوامل کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ اس طرح حکام یہ فیصلہ کرسکتے ہیں کہ کس علاقے میں کتنی پولیس گاڑیوں کی ضرورت ہے اور انہیں کہاں موجود ہونا چاہیے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن بنائی جاسکے۔

نظام کی ایک اہم خصوصیت یہ بھی ہے کہ اگر کسی علاقے کی ذمہ دار پولیس گشتی ٹیم پہلے سے کسی دوسرے واقعے پر مصروف ہو تو قریبی علاقوں میں موجود ٹیموں کو اضافی ذمہ داری دی جاسکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے متاثرہ علاقے کو چھوٹے حصوں میں تقسیم کرکے اطراف میں موجود گشتی ٹیموں کی حدود میں ردوبدل کیا جاسکتا ہے تاکہ کسی علاقے میں پولیس کی عدم دستیابی پیدا نہ ہو۔

پلیٹ فارم پر مختلف رنگوں کے اشاروں کے ذریعے پولیس گشتی گاڑیوں کی دستیابی اور کارروائی کی صورتحال بھی دیکھی جاسکتی ہے، جس سے آپریٹرز کو فوری طور پر معلوم ہوجاتا ہے کہ کون سی ٹیم مصروف ہے اور کون ہنگامی کال پر کارروائی کے لیے دستیاب ہے۔

دبئی پولیس نے اسی جدید میپنگ نظام کو ڈرونز کی نگرانی اور تعیناتی کے لیے بھی استعمال کیا ہے۔ حصّہ المہیری کے مطابق ڈرونز کو بھی زمینی پولیس گشتی گاڑیوں کی طرح مخصوص علاقوں کی ذمہ داری دی جاتی ہے، جس سے حکام ایک ہی نقشے پر فضائی اور زمینی وسائل کی تقسیم کا جائزہ لے سکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button