متحدہ عرب امارات

فجیرہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق 14 افراد کے اہلخانہ سے شیخہ فاطمہ بنت مبارک کی تعزیت، خصوصی وفد نے سوگوار خاندانوں سے ملاقات کی

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی ’مدر آف دی نیشن‘ شیخہ فاطمہ بنت مبارک کی جانب سے فجیرہ میں پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کی گئی ہے۔ اس حادثے میں 10 اماراتی شہریوں اور چار بھارتی باشندوں سمیت 14 افراد جاں بحق جبکہ تقریباً 30 زخمی ہوئے تھے۔

جنرل ویمنز یونین اور سپریم کونسل فار مدرہوڈ اینڈ چائلڈہڈ کے ایک وفد نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرکے شیخہ فاطمہ بنت مبارک کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔ شیخہ فاطمہ بنت مبارک جنرل ویمنز یونین کی چیئرپرسن، سپریم کونسل فار مدرہوڈ اینڈ چائلڈہڈ کی صدر اور فیملی ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن کی سپریم چیئرپرسن بھی ہیں۔

وفد نے جاں بحق ہونے والے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ یکجہتی کا پیغام دیا۔ اس موقع پر مرحومین کے لیے مغفرت، لواحقین کے لیے صبر و حوصلے اور تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی گئی۔

متاثرہ خاندانوں نے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت میں متحدہ عرب امارات کے دیرینہ انسانی ہمدردی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک ہر حال میں اپنے شہریوں اور مقیم افراد کی دیکھ بھال، مدد اور سماجی یکجہتی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

اہلخانہ نے شیخہ فاطمہ بنت مبارک کی جانب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کے اظہار پر بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے اس اقدام سے غم کی اس گھڑی میں انہیں حوصلہ ملا ہے۔

تعزیت کے لیے جانے والے وفد میں جنرل ویمنز یونین کی سیکریٹری جنرل نورہ خلیفہ السویدی اور سپریم کونسل فار مدرہوڈ اینڈ چائلڈہڈ کی سیکریٹری جنرل الریم بنت عبداللہ الفلاسی سمیت دیگر نمائندے شامل تھے۔ وفد نے دو مقامات پر منعقدہ مجالسِ عزا میں شرکت کرکے جاں بحق افراد کے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button