
خلیج اردو
پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث نے سیاسی محاذ پر نئی شدت اختیار کرلی ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سندھ میں صوبوں کی تقسیم اور خونریزی سے متعلق بیان کے بعد حکومتی وزرا اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے سخت ردعمل دیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اے بی این کے پروگرام تجزیہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1973 کے آئین میں ریفرنڈم کا راستہ موجود ہے اور خون بہنے سے پہلے عوام کی رائے لینے کا طریقہ اختیار کیا جانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب اور ہزارہ صوبے کے مطالبات پہلے بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ نئے صوبوں کے قیام کے فوائد، نقصانات اور میرٹ پر عوامی سطح پر بحث ہونی چاہیے۔ تمام فریقین کو مل بیٹھ کر بات چیت کرنی چاہیے اور اس کے بعد معاملہ اسمبلی میں لے جانا چاہیے۔
دوسری جانب بلاول بھٹو نے ریفرنڈم کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئین میں صوبوں کی حدود تبدیل کرنے کا طریقہ واضح ہے اور آئینی طریقہ کار پورا کیے بغیر ریفرنڈم کرانے کی کوئی منطق نہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلاول بھٹو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی 2022 سے حکومتی معاملات میں شریک ہے اور بلاول کو دوسروں پر تنقید کرنے سے پہلے سندھ میں اپنی 18 سالہ حکمرانی کی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہیے۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے بھی بلاول بھٹو کے مؤقف پر سوالات اٹھائے اور کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کے بڑے حصے میں حکومت کررہی ہے لیکن بلاول ایسے بات کررہے ہیں جیسے ان کا حکومت سے کوئی تعلق ہی نہیں۔
پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے حکومتی وزرا کے مؤقف کو دوہری پالیسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے نئے صوبوں کے معاملے پر نہ بلاول بھٹو اور نہ ہی صدر مملکت کو اعتماد میں لیا۔
یوں نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ محض انتظامی اور آئینی بحث تک محدود نہیں رہا بلکہ وفاقی حکومت اور اس کی اتحادی جماعتوں کے درمیان اختلافات بھی کھل کر سامنے آنے لگے ہیں۔







