
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی شمالی اور مشرقی ریاستوں میں موسلادھار بارش کے بعد وادیاں پانی سے بھر گئیں اور مختلف علاقوں میں بارش کے پانی کے تیز ریلے بہنے لگے۔ فجیرہ میں بدھ 18 نومبر کو ہونے والی شدید بارش کے باعث سڑکوں اور نشیبی مقامات پر پانی جمع ہوگیا، جبکہ وادیوں میں پانی کا بہاؤ بھی دیکھا گیا۔
الخلیج ٹائمز کے مطابق فجیرہ کے شمال میں واقع علاقے التوین میں وادیوں میں پانی بہنے کے مناظر سامنے آئے۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں شہریوں کو بارش کے دوران چھتریاں لیے سڑکوں پر چلتے اور موسم سے لطف اندوز ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ بعض ویڈیوز میں گاڑیوں کو پانی سے بھری سڑکوں سے گزرتے بھی دکھایا گیا ہے۔
راس الخیمہ کے جبل مبرا میں شدید بارش کے دوران بارش سے بھیگا ہوا متحدہ عرب امارات کا قومی پرچم بھی لہراتا رہا، جس کے مناظر کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیے۔
متحدہ عرب امارات کے نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق جمعرات 19 نومبر کو بھی شمالی، مشرقی اور ساحلی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع جزوی ابر آلود سے ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر گرج چمک والے بادل بن سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں درجہ حرارت 19 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ راس الخیمہ میں کم سے کم درجہ حرارت 19 اور فجیرہ میں 25 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے 18 سے 20 نومبر تک مشرقی اور شمالی علاقوں سمیت بعض ساحلی مقامات پر درمیانی سے شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اس دوران تیز ہوائیں چلنے، گردوغبار اٹھنے اور حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ شہریوں کو احتیاط برتنے اور وادیوں میں پانی کے بہاؤ والے مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔







