
خلیج اردو
دنیا کی معروف آن لائن ٹیکسی سروس اوبر نے دبئی میں بغیر ڈرائیور گاڑیوں کی سروس کو وسعت دینے کے لیے آئندہ دو سال کے دوران 18 کروڑ 40 لاکھ درہم، یعنی تقریباً 5 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے۔
گلف بزنس کی رپورٹ کے مطابق اوبر اس سرمایہ کاری کے ذریعے دبئی میں خودکار گاڑیوں کے آپریشنز اور انہیں چلانے کے لیے درکار بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنائے گی۔
کمپنی کا ہدف ہے کہ 2027 کے اختتام تک بغیر ڈرائیور گاڑیوں کی تجارتی سروس کو شہر کے مزید رہائشی، کاروباری اور مصروف علاقوں تک پہنچایا جائے۔
منصوبے کے اگلے مرحلے میں جمیرہ اور ام سقیم کے مخصوص علاقوں میں مسافروں کو ان کی مطلوبہ منزل تک پہنچانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس کے تحت مسافر اوبر ایپ کے ذریعے گاڑی بُک کرکے کائٹ بیچ اور مدینۃ جمیرہ سمیت مختلف مقامات کے درمیان سفر کر سکیں گے۔
اوبر نے ڈاؤن ٹاؤن دبئی، دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر اور بزنس بے میں بھی سروس بڑھانے کا منصوبہ بنایا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں گاڑیوں میں ایک ماہر موجود ہوگا جو آپریشنز کی نگرانی کرے گا، جبکہ مکمل طور پر بغیر ڈرائیور تجارتی سروس کا آغاز متعلقہ منظوریوں اور تیاری سے مشروط ہوگا۔
دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کو دبئی فیوچر ویک کے دوران اس منصوبے کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔







