متحدہ عرب امارات

لاہور کی فضا زہر آلود، آلودگی 465 تک پہنچ گئی، ملتان اور گوجرانوالہ میں بھی خطرناک صورتحال

خلیج اردو
لاہور: پنجاب کے بڑے شہروں میں فضائی آلودگی نے خطرناک صورتحال اختیار کرلی، لاہور دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا، جبکہ مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک بلند ریکارڈ کیا گیا ہے۔ زہریلی اسموگ کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں مشکلات اور صحت کے حوالے سے سنگین خدشات کا سامنا ہے۔

تازہ فضائی اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں صبح سات سے آٹھ بجے کے درمیان ایئر کوالٹی انڈیکس 465 تک پہنچ گیا، جو انتہائی خطرناک درجے میں شمار ہوتا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی شدت میں نمایاں فرق دیکھا گیا، جبکہ بعض مقامات پر انڈیکس 400 سے بھی زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔

صرف لاہور ہی نہیں بلکہ پنجاب کے دوسرے شہر بھی آلودہ فضا کی لپیٹ میں ہیں۔ گوجرانوالہ میں ایئر کوالٹی انڈیکس 661 اور ملتان میں 641 ریکارڈ کیا گیا۔ اس صورتحال سے واضح ہوتا ہے کہ فضائی آلودگی کسی ایک شہر تک محدود نہیں رہی بلکہ صوبے کے مختلف علاقوں میں شہریوں کی صحت کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔

ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی میں اضافے سے آنکھوں میں جلن، گلے کی خرابی، کھانسی اور سانس لینے میں دشواری جیسے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ بچے، بزرگ اور پہلے سے سانس یا دل کے امراض میں مبتلا افراد اس صورتحال سے زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔

شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ انتہائی آلودہ اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، باہر جاتے وقت مناسب حفاظتی ماسک استعمال کریں اور گھروں میں کھڑکیاں بند رکھنے سمیت احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں آلودگی کی اس شدت نے ایک مرتبہ پھر فضائی معیار بہتر بنانے، گاڑیوں اور صنعتی اخراج کو کنٹرول کرنے اور اسموگ کے مستقل تدارک کے اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کردیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button