
کراچی: پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کا ایک اہم مرحلہ شروع ہوگیا، ترکیہ کا جدید سیسمک ریسرچ بحری جہاز اوروچ رئیس کراچی پہنچ گیا ہے۔ اس جہاز کی آمد کو پاکستان کے سمندری علاقوں میں تیل اور قدرتی گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
ترکیہ کا یہ تحقیقی جہاز پاکستان کے سمندری علاقوں میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے زیر سمندر ارضیاتی ساخت کا جائزہ لے گا۔ اس کا بنیادی مقصد سمندر کی تہہ میں موجود ممکنہ تیل اور گیس کے ذخائر سے متعلق معلومات جمع کرنا ہے تاکہ مستقبل میں ان علاقوں میں توانائی کے ذخائر کی تلاش اور ترقی کے منصوبوں کو آگے بڑھایا جاسکے۔
ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائراکتار بھی اس منصوبے سے متعلق تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت پاکستانی حکام نے دونوں ممالک کے درمیان توانائی تعاون کو اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
ترکیہ کی وزارت توانائی کے مطابق اوروچ رئیس دو مختلف پاکستانی سمندری علاقوں میں سروے کرے گا۔ منصوبے کے تحت 670 مربع کلومیٹر کے علاقے میں تھری ڈی سیسمک ڈیٹا جمع کیا جائے گا، جبکہ 2 ہزار 353 کلومیٹر طویل سروے لائنوں پر ٹو ڈی ڈیٹا بھی حاصل کیا جائے گا۔
پاکستان نے تقریباً دو دہائیوں بعد سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کے لیے آف شور بلاکس کی نیلامی کا عمل دوبارہ شروع کیا تھا۔ اس تناظر میں ترک تحقیقی جہاز کی آمد کو ملکی توانائی کے شعبے میں ایک اہم موقع سمجھا جارہا ہے۔
پاکستان طویل عرصے سے توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے درآمدی تیل اور گیس پر انحصار کرتا ہے۔ اگر سمندری سروے کے دوران قابلِ ذکر ذخائر کی نشاندہی ہوتی ہے اور بعد ازاں ان کی تجارتی بنیادوں پر پیداوار ممکن ہوتی ہے تو اس سے ملکی توانائی کے شعبے، درآمدی بل اور معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ تاہم سیسمک سروے کی کامیابی کا مطلب فوری طور پر تیل یا گیس کی دریافت نہیں، بلکہ یہ ممکنہ ذخائر کی شناخت کا ابتدائی سائنسی مرحلہ ہے۔







