
خلیج اردو
انقرہ: ترکیہ نے دفاعی ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے اپنے پہلے بغیر پائلٹ جنگی طیارے قزل ایلما کے ابتدائی تین طیارے مسلح افواج کے حوالے کردیے ہیں۔ ترک کمپنی بائیکار کے تیار کردہ ان طیاروں کی فوجی خدمات میں شمولیت کو عالمی فضائی دفاعی ٹیکنالوجی میں ایک نئی پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے قزل ایلما کی مسلح افواج میں شمولیت کو ملکی دفاعی صنعت اور مقامی ٹیکنالوجی کی ترقی میں تاریخی کامیابی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ طیارے ترکیہ کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں خود انحصاری کی جانب اہم قدم ہیں۔
بائیکار کے مطابق قزل ایلما نے قبولیت کے ضروری ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کرلیے ہیں، جس کے بعد 19 نومبر کو ابتدائی تین طیارے ترک سکیورٹی فورسز کے حوالے کیے گئے۔ کمپنی کے مطابق اس پروگرام کے تحت اب تک ٹیسٹنگ اور تربیت کے دوران مجموعی طور پر 600 پروازیں مکمل کی جاچکی ہیں۔
قزل ایلما ایک بغیر پائلٹ جنگی طیارہ ہے جسے فضائی لڑائی اور زمینی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کی ایک اہم خصوصیت یہ بھی ہے کہ اسے مستقبل میں مختصر رن وے والے بحری جہازوں سے آپریٹ کرنے کے قابل بنانے پر کام کیا جارہا ہے۔
طیارے کی تیاری میں ترکیہ کی مقامی دفاعی صنعت نے بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے ترکیہ نے نہ صرف بغیر پائلٹ فضائی گاڑیوں کی ٹیکنالوجی بلکہ مستقبل کے فضائی جنگی نظام میں بھی اپنی موجودگی مضبوط بنانے کی کوشش کی ہے۔
دفاعی ماہرین کے لیے اب اہم سوال یہ ہوگا کہ قزل ایلما عملی فوجی خدمات میں کس نوعیت کی کارکردگی دکھاتا ہے اور مستقبل میں روایتی جنگی طیاروں کے ساتھ اس کا کردار کس حد تک بڑھایا جاتا ہے۔







