پاکستانی خبریں

وزیراعظم کا قطر کے امیر سے ٹیلیفونک رابطہ،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفون پر بات کی

خلیج اردو

اسلام آباد: وزیر اعظم نے امیر کو 9 جنوری 2023 کو جنیوا میں اقوام متحدہ کے ساتھ مشترکہ میزبانی میں ہونے والی کلائمیٹ ریزیلینٹ پاکستان پر بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

 

وزیراعظم نے اس سال کے شروع میں پاکستان میں تباہ کن موسمیاتی سیلاب کے تناظر میں قطر کی طرف سے فراہم کی جانے والی انسانی امداد پر امیر کا شکریہ ادا کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بحالی اور تعمیر نو کے بہت بڑے چیلنج کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا  کہ پاکستان نے اپنے محدود وسائل کو ممکنہ حد تک متحرک کیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ  متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے مشکل چیلنج سے نمٹنے اور مستقبل میں موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلسل بین الاقوامی حمایت اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔

 

وزیراعظم نے امیر قطر کو فیفا 2022 فٹ بال ورلڈ کپ کی کامیاب میزبانی پر مبارکباد دی جس سے کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں کے لیے ایک نیا معیار قائم  ہوا ۔

 

وزیراعظم اور امیر قطر نے باہمی دلچسپی کے دو طرفہ اور بین الاقوامی امور پر بھی مختصر تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button