بوظہبی : متحدہ عرب امارات میں ٹریول بین خود بخود ختم کرنے کا نیا نظام نافذ کردیا گیا، جس کے تحت واجبات کی ادائیگی کے ساتھ ہی منجمد بینک فنڈز بھی جاری ہوجائیں گے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات اور خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا نظام اب تمام عدالتی نفاذ کے فیصلوں کو فوری طور پر ٹریک کرتا ہے اور واجبات کی مطلوبہ ادائیگی کے بعد انہیں منسوخ کر دیتا ہے، ابوظہبی جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ نے یہ نیا نظام اپنایا ہے جو ادائیگی کی حیثیت کا پتا لگاتا ہے اور جب ایک بار کسی بھی نا دہندہ شخص نے جرمانہ وغیرہ کی ادائیگی مکمل کرلی تو یہ اصل فیصلے کو خود بخود منسوخ کر دیتا ہے، الیکٹرانک منظوری کے بعد اسے متعلقہ حکام کو بھیج دیا جاتا ہے۔
یہ نیا نظام اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ افراد کو ادائیگی اور منسوخی کے ثبوت سے متعلق دستاویزات جمع کرنے کی پریشانی سے گزرنے کی ضرورت نہ رہے، یہ نظام اس بات کو بھی یقینی بناتا ہے کہ اس عمل کو نافذ کرنے والے افسران اور ججوں کی مداخلت کے بغیر ادائیگیوں کو آسانی سے انجام دیا جائے، عدم ادائیگی کی وجہ سے سفری پابندی عائد ہونے کی صورت میں ایک بار ادائیگی کا عمل مکمل ہونے پر سمارٹ ایپ کے ذریعے ٹریول بین منسوخی کے فیصلے کی کاپی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں، اس کے بعد وہ طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے سفر کرسکتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر فیصلے کی صرف سافٹ کاپی دکھانا ہوگی۔
اسی طرح عدم ادائیگی کی وجہ سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے یا کسی خاص رقم کی ادائیگی میں ناکامی کی وجہ سے ڈپازٹس اور بینک اکاؤنٹس ضبطگی کے احکامات جاری ہونے کی صورت میں متعلقہ شخص اپنے فنڈز غیرمنجمند کروانے کے لیے ادائیگی کے بعد ضبطگی کی منسوخی کے فیصلے کی فزیکل کاپی پیش کرے گا، نیا نظام خود بخود ججوں اور افسران کو اندرونی طور پر بنائے گئے ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے مطلع کرتا ہے، ساتھ ہی جواب دہندگان کے کیس کی پیروی اور نگرانی کے بارے میں اپ ڈیٹس بھی دیتا ہے۔