متحدہ عرب امارات

رمضان 2026 کا آغاز 100 دن بعد متوقع، متحدہ عرب امارات میں تین روزہ عید الفطر کی چھٹیوں کا اعلان

خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں 2026 کے مقدس مہینے رمضان المبارک کی آمد کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں، صرف سو دن باقی رہ گئے۔ ماہرین فلکیات کے مطابق اس سال رمضان کا آغاز جمعرات 19 فروری 2026 کو متوقع ہے۔

رمضان اسلامی کیلنڈر کا نواں مہینہ ہے جو طلوعِ فجر سے غروبِ آفتاب تک روزہ رکھنے، عبادت، روحانی فکر اور صدقہ و خیرات کے جذبے سے منسوب ہے۔ ہر سال اس کا آغاز چاند دیکھنے کے بعد ہی باضابطہ طور پر کیا جاتا ہے۔

دبئی فلکیاتی گروپ کی آپریشنز منیجر خدیجہ احمد کے مطابق اگر 17 فروری کی شام ہلالِ رمضان نظر آ جائے تو پہلا روزہ 18 فروری کو ہو سکتا ہے، تاہم اس تاریخ پر چاند کا نظر آنا مشکل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 18 فروری کی شام چاند کا دکھائی دینا آسان ہوگا، جس کے بعد پہلا روزہ 19 فروری کو متوقع ہے۔

دبئی کی اسلامی امور و اوقاف کی جاری کردہ تازہ کیلنڈر کے مطابق رمضان 29 دن کا ہوگا، اور اس حساب سے عید الفطر جمعہ 20 مارچ 2026 کو منائے جانے کا امکان ہے۔

رمضان کے اختتام پر امارات میں سال کی پہلی طویل چھٹیاں ہوں گی۔ حکومت کی جانب سے شوال کے پہلے تین دن یعنی 20 سے 22 مارچ تک عید الفطر کی تعطیلات ہوں گی، جنہیں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے اختتامِ ہفتہ سے ملا کر تین روزہ لمبا ویک اینڈ بن جائے گا۔ اگر رمضان 30 دن کا ہوا تو ایک دن مزید بڑھ کر چار روزہ تعطیل ہو جائے گی۔

ماہرین نے بتایا کہ 2026 میں روزے نسبتاً آسان ہوں گے کیونکہ رمضان سرد موسم میں آئے گا، پہلے روزے کا دورانیہ 12 گھنٹے 46 منٹ جبکہ آخری روزہ 13 گھنٹے 26 منٹ کا ہوگا، جو گزشتہ سال کے تقریباً 14 گھنٹے کے روزوں سے کم ہے۔

رمضان کے دوران متحدہ عرب امارات کی فضا مکمل طور پر روحانی رنگ میں ڈھل جاتی ہے۔ دفاتر اور تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں کمی کر دی جاتی ہے، افطار کے وقت مساجد سے اذانِ مغرب کی آواز گونجتی ہے اور لوگ روزہ افطار کرنے کے بعد تراویح اور قیام اللیل کی عبادات میں مصروف ہو جاتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button