متحدہ عرب امارات

دبئی میں نیشنل منتھ کی رنگا رنگ تقریبات — 53 سے زائد ایونٹس کا اعلان

خلیج اردو
دبئی: 11 نومبر 2025 — متحدہ عرب امارات میں یومِ اتحاد (عید الاتحاد) سے قبل دبئی بھر میں نیشنل منتھ کے موقع پر ملک کے ورثے، ثقافت اور قومی فخر کو اجاگر کرنے کے لیے درجنوں تقریبات کا اعلان کر دیا گیا۔

نیشنل منتھ کا آغاز 3 نومبر کو یومِ پرچم سے ہوتا ہے اور 2 دسمبر کے قومی دن تک جاری رہتا ہے۔ اس دوران دبئی بھر میں ثقافتی سرگرمیاں، آرٹ نمائشیں، کنسرٹس، آتشبازی کے مظاہرے، کھیلوں کے مقابلے اور عوامی تقریبات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

 برینڈ دبئی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی فہرست کے مطابق دبئی کے مختلف مقامات پر خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی، جن میں المصفہ لائبریری برائے آرٹس اینڈ ڈیزائن (3 نومبر تا 2 دسمبر)، حتہ ہیریٹیج ولیج (15 نومبر تا 3 دسمبر)، گلوبل ولیج (25 نومبر تا 4 دسمبر) اور ایکسپو سٹی دبئی (28 نومبر تا 2 دسمبر) شامل ہیں۔
اسی طرح 2 دسمبر کو برج خلیفہ، جے بی آر، بلیو واٹرز، السیف سوق، الاتحاد میوزیم اور دبئی فریم پر شاندار آتشبازی اور روشنیوں کے مظاہرے ہوں گے۔

 نومبر کے دوران دبئی میں عالمی سطح کے متعدد پروگرامز بھی ہوں گے جن میں باسِم یوسف کا کامیڈی شو (16 نومبر)، ڈیپ پرپل راک کنسرٹ (20 نومبر)، ابا بینڈ کے ہٹس "بیورن اگین” کا پروگرام (21 نومبر)، فیسٹیول آف کیک (28 نومبر تا 2 دسمبر) اور مشہور پروڈیوسر ٹمبلینڈ کا شو (28 نومبر) شامل ہیں۔

 دبئی فٹنس منتھ کے تحت 30×30 فٹنس ہبز اور متعدد ایونٹس بھی جاری رہیں گے۔ ان میں دبئی رن (23 نومبر)، ایمریٹس دبئی سیونز (28 نومبر)، اسکیچرز ہاف میراتھن (30 نومبر) اور مختلف سائیکلنگ و جمناسٹکس مقابلے شامل ہیں۔

نومبر سے دسمبر تک یہ سرگرمیاں نہ صرف شہریوں بلکہ دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کو دبئی کی رنگا رنگ ثقافت، صحت مندانہ طرزِ زندگی اور قومی یکجہتی کے جذبات سے روشناس کرائیں گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button