
ابوظبی : محکمہ صحت ابوظبی اور ابو ظبی پبلک ہیلتھ سنٹر کی نگرانی میں امارت میں انسداد کویڈ 19 ویکسی نیشن مہم شروع کی گئی ہے۔ "Choose to Vaccinate” مہم میں ہر ایک پر زور دیا گیا ہے کہ کویڈ 19 سے محفوظ رہنے کیلئے ویکسین لگائیں کیونکہ اکھٹے ہم محفوظ رہیں گے۔ متحدہ عرب امارات کے تمام شہری اور رہائشی انسداد کوویڈ 19 ویکسین مفت وصول کرسکتے ہیں۔ ابو ظبی کی امارت وسیع پیمانے اسکریننگ، ٹیسٹنگ اور فعال ٹریسنگ کے باعث کل ٹیسٹوں میں سے تصدیق شدہ کیسوں میں 0.39 فیصد کی کم شرح کو کامیابی کے ساتھ برقرار رکھنے میں کامیاب رہی ہے۔
ویکسی نیشن مہم کا مقصد کویڈ ۔19 کے پھیلاؤ کو روکنے میں اب تک حاصل ہونے والی صحت کی کامیابیوں کو محفوظ رکھنا اور یہ یقینی بنانا ہے کہ ابوظبی جامع طور پر آبادی کے تحفظ میں راہنمائی کرتا رہے گا۔ محکمہ صحت ابوظبی کے چیئرمین شیخ عبد اللہ بن محمد الحامد نے کہاکہ کویڈ 19 وباء نے بے مثال انداز میں دنیا کو چیلنج کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم ابوظبی میں اپنی کیمونٹی کی حفاظت کو ترجیح دیتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ابوظبی نے عالمی رہنماؤں کے ساتھ شراکت میں انسداد کرونا ویکسین کے کلینیکل تجربات میں حصہ لے کر فعال کردار ادا کیا جس کے باعث اس وقت ویکسین کی تیاری ممکن ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ 2021 میں داخل ہوتے ہوئے ہم اپنے لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ویکسین کو سخت کیمیکل تجربات کا سامنا کرنا پڑا تاکہ اس کی حفاظت، افادیت اور معیار کو یقینی بنایا جاسکے۔
انھوں نے امید ظاہر کی کہ ہر فرد اپنی اور قوم صحت کی حفاظت کے لئے ویکسین لگائے گا۔ محکمہ صحت ابوظبی کے انڈرسیکریٹری ڈاکٹر جمال محمد الکعبی نے کہاکہ منظور شدہ کویڈ 19 ویکسین محفوظ ہےاور اسے لگانے والے کو کرونا سے بچنے کیلئے قوت مدافعت حاصل ہوگی۔ مجھے امید ہے کہ ہر کوئی معمول کی زندگی کی بحالی کیلئےویکسین لگائے گا۔ ابوظبی پبلک ہیلتھ سنٹر کے ڈائریکٹر جنرل مطر سعید النعیمی نے کہاکہ محفوظ رہنے کا سب سے آسان اور موثر طریقہ حفاظتی ویکسین لگانا ہے۔
انھوں نے کہا کہ تاریخ میں ویکسینوں نے پوری دنیا میں لاکھوں جانیں بچائی ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ کویڈ ۔19 اسوقت تک ختم نہیں ہوگا جب تک ہم اس کا مقابلہ نہیں کرتے اور اس کا سب سے مؤثر طریقہ ویکسین ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہر کوئی اس انفیکشن چین کو توڑنے اور اس وبائی مرض کے خلاف جیت کا حصہ بننے کے لئے ویکسین لگائے گا۔ کویڈ ۔19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حفاظتی ویکسین لگانا سب سے محفوظ اور مؤثر طریقہ ہے۔ حفاظتی ویکسین لگنے سے کسی بیماری کے خلاف جسم کی فطری قوت مدافعت مستحکم ہوتی ہے اور حالیہ دہائیوں میں اس کے ذریعے لاکھوں جانوں کو بچایا جاچکا ہے۔ ویکسی نیشن مہم کے بارے میں مزید معلومات کے لئے www.doh.gov.ae ملاحظہ کریں۔ ۔





