خلیج اردو 15 دسمبر 2021
دبئی:دبئی کی عدالت نے انسداد منشیات کے نئے قانون کے تحت منشیات کے استعمال اور برآمدگی کے جرم میں سزا یافتہ ازبک شہری کو ڈی پورٹ کرنے کا حکم معطل کر دیا۔
چالیس سالہ ازبک شہری کو 22 ستمبر کو گاڑی سے نشہ آور اشیاء برآمد ہونے پر گرفتار کیا گیا۔بعد ازاں ملزم کے پیشاب کے ٹیسٹ میں منشیات کے استعمال کی تصدیق بھی ہوئی جبکہ ملزم نے بھی مقامی عدالت میں منشیات کے استعمال کا اعتراف کیا۔عدالت نے 18 نومبر کو منشیات کے استعمال اور قبضے کا جرم ثابت ہونے پر مذکورہ شخص کو پانچ ہزار درہم جرمانے اور ملک بدری کا حکم دیا تھا۔تاہم مجرم کے وکیل نے فیصلے کے خلاف نئے انسداد منشیات قانون کے آرٹیکل 75 کے تحت اپیل دائر کی۔یہ آرٹیکل منشیات کے استعمال یا برآمدگی کے ملزم پر جرم ثابت ہونے کے بعد لازمی ملک بدری کے قانون کو منسوخ کرتا ہے۔
دوران سماعت مجرم کے وکیل نے کہا کہ ان کا موکل 20 سال سے متحدہ عرب امارات میں رہ رہا ہے اس دوران اسکا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں۔مجرم اپنے خاندان کا واحد کفیل ہے اس لیے ملک بدری سے نہ صرف اس کو بلکہ اس کے پورے خاندان کو نقصان پہنچے گا۔
دبئی کورٹ آف اپیل نے سات دسمبر کو فیصلہ سناتے ہوئے مجرم کو ڈی پورٹ کرنے کا حکم معطل کردیا تاہم پانچ ہزار درہم جرمانے کو برقرار رکھا۔
SOURCE: KHALEEJ TIMES







