
خلیج اردو آن لائن ابوظہبی پولیس نے والدین کو متنبہ کیا ہے کہ اپنے بچوں کو سمندر میں تیراکی کے دوران یا ساحل پر کھیلتے ہوئے کبھی اکیلا مت چھوڑیں۔
ایک بیان میں ابوظہبی پولیس نے ساحل سمندر پر کھیلتے بچوں پر مستقل نظر رکھنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ پولیس نے والدین کو انتباہ جاری کی ہے کہ بچوں کی مناسب نگرانی نہ کرنے سے بچے کی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ اس حوالے سے پولیس نے ہدایت دی کہ "اہل خانہ بچوں کو کسی بڑے کی نگرانی کے بغیر سمندر کے پانی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے تاکہ وہ ڈوبنے کے خطرات سے محفوظ رہیں۔”
پولیس کا اپنے جاری کردہ بیان میں مزید کہنا تھا کہ "والدین کو ساحل سمندر پر ہوتے ہوئے فون یا دوسری چیزوں سے مشغول نہیں ہونا چاہئے”
ساحل سمندر پر بچوں کے ڈوبنے کی وجوہات کے بارے میں پولیس کا کہنا تھا کہ آپ کو پتہ بھی نہیں چلے گا اور بچہ کچھ ہی منٹوں میں ڈوب سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا ، "بدقسمتی سے ساحل سمندر پر بچوں کے ڈوبنے کے واقعات زیادہ تر اہل خانہ کی غفلت اور تیراکی میں مہارت کی کمی کی وجہ سے ہوتے ہیں۔”
اس کے علاوہ پولیس نے بچوں کوتیراکی کے دوران لائف جیکٹس مہیا کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اس کے علاوہ پولیس کی جانب سے والدین کو درج ذیل ہدایات کی گئی ہیں:
والدین یا اہل خانہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے علاقوں میں رہیں جہاں ساحل پر آنے والوں کی حفاظت کے لیے بنائے گئے پلیٹ فارم یا لائف گارڈز موجود ہیں۔
ساحلوں پر حفاظتی انتباہی ہدایات پر عمل کریں اور گہر سمندر میں تیراکی نہ کریں تاکہ ڈوبنے سے بچ سکیں۔
رات کے وقت یا صبح کے اوقات میں تیراکی سے گریز کریں۔
جہاں پر سمندر میں طغیانی یا بڑی لہریں ہوں وہاں پر تیراکی نہ کریں
پولیس کی جانب سے مزید کہا گیا کہ بعض اوقات محافظ موسم کی کسی خاص صورتحال کی وجہ سے ساحل سمندر پر جانے والوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ تیراکی نہ کریں۔ لیکن لوگ روکنے کے باوجو تیراکی کرتے ہیں۔
پولیس کی جانب سے لوگوں کو ان ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Source: Khaleej Times