
خلیج اردو
دبئی، 23 جون 2025ء
دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے برج خلیفہ-دبئی مال میٹرو اسٹیشن کی توسیع کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد اسٹیشن کی یومیہ مسافر گنجائش میں 65 فیصد اضافہ ہوگا اور یہ روزانہ 2.2 لاکھ مسافروں کو سہولت فراہم کرے گا۔
یہ منصوبہ RTA اور ایمار پراپرٹیز کی شراکت داری سے مکمل کیا جائے گا تاکہ خاص طور پر نئے سال کی تقریبات، سرکاری تعطیلات اور قومی تقریبات کے دوران بڑھتی ہوئی مسافر تعداد کو بہتر انداز میں سنبھالا جا سکے۔
اسٹیشن کا رقبہ 6,700 مربع میٹر سے بڑھا کر 8,500 مربع میٹر کیا جائے گا، جس سے فی گھنٹہ مسافروں کی گنجائش 7,250 سے بڑھ کر 12,320 ہو جائے گی۔
RTA کے ڈائریکٹر جنرل اور بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے چیئرمین مطر الطایر نے کہا:
"یہ توسیعی منصوبہ میٹرو خدمات کی بڑھتی ہوئی مانگ کا جواب ہے، جس کا دائرہ 2040 تک پھیلتا نظر آ رہا ہے۔ صرف نئے سال کی رات اسٹیشن پر مسافروں کی تعداد 110,000 سے تجاوز کر جاتی ہے، جب کہ گزشتہ پانچ برسوں میں سالانہ مسافر تعداد میں اوسطاً 7.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔”
توسیعی منصوبے کے تحت اسٹیشن کے داخلی راستوں اور پیدل چلنے والے پلوں کی بہتری، پلیٹ فارم اور کونس کور کے رقبے میں اضافہ، مزید ایسکلیٹرز اور لفٹس کی تنصیب، اور مسافروں کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے داخلی و خارجی راستوں کی علیحدگی شامل ہے۔
علاوہ ازیں، ٹکٹ گیٹس کی تعداد بڑھائی جائے گی اور کمرشل اسپیس میں وسعت دے کر آمدنی میں اضافہ کیا جائے گا۔ اسٹیشن کو دیگر پبلک ٹرانسپورٹ اور متبادل سفری ذرائع (جیسے بائیسکل، ای-سکوٹر) سے مزید مربوط کیا جائے گا، جبکہ ماحولیاتی خوبصورتی کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔
یہ اسٹیشن 2010 میں کھولا گیا تھا اور مسلسل مسافر تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ 2013 میں یہ تعداد 6.13 ملین تھی جو 2024 میں بڑھ کر 10.57 ملین ہو گئی — یعنی یومیہ اوسط 58,000 مسافر۔
2012 میں اسٹیشن سے دبئی مال تک 820 میٹر طویل ایئرکنڈیشنڈ پیدل پل بھی بنایا گیا جس میں 10 ٹریول ایٹرز نصب ہیں۔
اسٹیشن کا ڈیزائن ریڈ اور گرین لائنز کے بلند اسٹیشنز کے معیاری تصور پر مبنی ہے، جو سمندری صدف (سی شیل) سے متاثر ہے، اور اس کا مقصد سادگی، شفافیت اور کم سے کم پیدل فاصلے کو یقینی بنانا ہے۔
یہ اسٹیشن افرادِ باہمت، بزرگ شہریوں، رہائشیوں اور بچوں کے ساتھ والدین کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے مکمل طور پر شمولیتی ڈیزائن پر مبنی ہے۔






