
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں نجی شعبے کے ملازمین کیلئے عیدالاضحیٰ 2026 کی چار روزہ باقاعدہ تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے۔ وزارتِ انسانی وسائل و اماراتائزیشن کے مطابق تعطیلات منگل 26 مئی سے جمعہ 29 مئی 2026 تک ہوں گی۔ جن ملازمین کی ہفتہ اور اتوار معمول کی چھٹی ہوتی ہے، انہیں مجموعی طور پر 6 دن کا طویل وقفہ ملے گا۔
دوسری جانب وفاقی سرکاری ملازمین کو 5 روزہ تعطیلات دی جائیں گی۔ ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات شامل ہونے کے بعد سرکاری ملازمین کیلئے یہ وقفہ 9 دن تک طویل ہوسکتا ہے، جبکہ دفاتر دوبارہ پیر یکم جون سے کھلیں گے۔
اسی طرح حکومتِ شارجہ کے ملازمین عید اور یومِ عرفہ کے موقع پر 10 دن کی طویل چھٹی سے لطف اندوز ہوں گے۔ شارجہ میں پہلے ہی چار روزہ ورک ویک رائج ہے جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار تعطیل ہوتے ہیں، جس کے باعث عید کی تعطیلات مزید بڑھ جائیں گی۔
ادھر متحدہ عرب امارات کی رویتِ ہلال کمیٹی نے 17 مئی کو ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس منعقد کیا اور اعلان کیا کہ 18 مئی اسلامی کیلنڈر کے آخری مہینے ذوالحجہ کا پہلا دن ہوگا۔
یومِ عرفہ، جو حج کا سب سے اہم رکن اور دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے روحانی اہمیت کا حامل دن ہے، 9 ذوالحجہ بروز منگل 26 مئی کو منایا جائے گا، جبکہ اس کے بعد عیدالاضحیٰ ہوگی۔
عیدالاضحیٰ ہر سال حج کے عظیم اجتماع کے ساتھ منائی جاتی ہے، جہاں لاکھوں مسلمان مکہ مکرمہ میں اسلام کے پانچویں رکن حج کی ادائیگی کیلئے جمع ہوتے ہیں۔







