متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ڈرائیونگ کے دوران غفلت برتنے پر 800 درہم جرمانے اور چار ٹریفک بلیک پوائنٹس سے متعلق خبردار کردیا۔ گلف نیوز کے مطابق ابوظہبی نے متنبہ کیا ہے کہ گاڑی چلاتے ہوئے سڑک کی طرف توجہ نہ دینے پر 800 درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا ، جو ڈرائیونگ کے دوران توجہ ہٹاتے ہیں ایسے گاڑی چلانے والوں پر 4 ٹریفک بلیک پوائنٹس بھی لگائے جاتے ہیں کیوں کہ امارات میں ٹریفک حادثات کی سب سے بڑی وجہ غفلت سے ڈرائیونگ ہے ، گاڑی چلانے والے اس وقت غافل ہو جاتے ہیں جب وہ ڈرائیونگ کے دوران ہینڈ ہیلڈ ڈیوائسز کا استعمال کرتے ہیں یا تصاویر کھینچتے ہیں ، اپنا میک اپ یا بال ٹھیک کرتے ہیں یا یہاں تک کہ مسافروں کے ساتھ بات چیت میں مشغول ہو جاتے ہیں۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں ٹریفک حادثات میں 46 فیصد اضافہ ہوگیا‘ یو اے ای کے قومی دن کی تعطیلات کے دوران شارجہ میں 846 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے ، ایک دن میں سب سے زیادہ 287 حادثات 4 دسمبر کو ریکارڈ کیے گئے ، گزشتہ سال امارات کے قومی دن کی چھٹیوں کے دوران شارجہ میں 579 حادثات رپورٹ ہوئے تھے۔
شارجہ میں معمولی ٹریفک حادثات کے لیے مشترکہ سروے کرنے والی کمیٹی نے بتایا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے 50 ویں قومی دن کی تعطیلات کے دوران شارجہ میں 846 چھوٹے ٹریفک حادثات کی رپورٹیں موصول ہوئیں ، جہاں 1 سے 4 دسمبر تک ہونے والے ٹریک حادثات میں یہ تقریباً 46 فیصد کا اضافہ ہے ، جب کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران امارت میں 579 حادثات رپورٹ ہوئے تھے۔
Rafid ایپلی کیشن اور کمپنی کے کال سینٹر کے ذریعے حاصل کردہ اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ ایک دن میں سب سے زیادہ 287 حادثات 4 دسمبر کو ریکارڈ کیے گئے ، ان چھٹیوں کے دوران سب سے کم ٹریفک حادثات 3 دسمبر کو رپورٹ ہوئے ، ایکسیڈنٹ اینڈ آر ایس اے ڈپارٹمنٹ اور مشترکہ کمیٹی کے ایک رکن عبدالرحمن الشامسی نے تصدیق کی کہ تعطیلات کے دوران اکثر ٹریفک حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے کیوں کہ ڈرائیور اپنی منزلوں پر تیزی سے پہنچنا چاہتے ہیں اور ٹریفک کے قواعد و ضوابط کی پابندی نہیں کرتے ہیں۔







