خلیج اردو: اسرائیل کے صدر ایزاک ہرزوگ رواں ماہ کے آخر میں متحدہ عرب امارات کا پہلی مرتبہ تاریخی دورہ کریں گے
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اسرائیلی صدر کے آفس نے بتایا کہ ایزاک ہرزوگ خاتون اول کے ساتھ 30 سے 31 جنوری کے دوران متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے جس میں وہ یو اے ای کے ولی عہد شیخ محمد بن زید سے ملاقات کریں گے۔
دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یہ کسی اسرائیلی صدر کا متحدہ عرب امارات کا پہلا تاریخی دورہ ہوگا جس میں دونوں ممالک ایک نئے مشترکہ مستقبل کی بنیادیں رکھ رہے ہیں‘۔
اسرائیلی صدر اپنے دورے کے دوران دبئی کے حکمران اور حکومت کے سینیئر حکام سے ملاقات کے علاوہ دبئی ایکسپو کا بھی دورہ کریں گے۔
تقریباً 16 ماہ قبل متحدہ عرب امارات نے کئی دہائیوں پر محیط عرب اتفاق رائے کو توڑ کرکے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات استوار کر لیے ہیں اور اسی سلسلے میں یہ اسرائیلی صدر کا پہلا دورہ ہوگا۔
یہ اقدام امریکا کی ثالثی میں ہونے والے معاہدوں کی ایک سیریز کا حصہ ہے جسے ابراہم معاہدے کے نام سے جانا جاتا ہے، ایسے معاہدوں پر فلسطین نے ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ ماہ، اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنے والے ملک کے پہلے سربراہ تھے۔
اس دورے میں جزوی طور پر ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں بین الاقوامی مذاکرات پر توجہ مرکوز کی گئی تھی، جو اسرائیل کی سلامتی کی اولین ترجیح ہے۔
اسرائیلی صدر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ’نئی شراکت داری‘ مشرق وسطیٰ کو بدل دے گی، اسرائیل ابراہم معاہدے پر دستخط کرنے والے عرب ممالک کی فہرست کو وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔
واضح رہے کہ یہ معاہدہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں طے پایا تھا اور صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے اس کی توثیق کی تھی