متحدہ عرب امارات

دبئی میں 2027 تک 11,300 نئے ہوٹل رومز کا اضافہ، 15,000 ملازمتیں پیدا ہونے کا امکان

خلیج اردو
دبئی: ایک نئی رپورٹ کے مطابق دبئی میں 2027 تک 11,300 نئے ہوٹل رومز شامل کیے جائیں گے، جن میں سے تقریباً 4,620 کمرے رواں سال مارکیٹ میں آجائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق یہ نئے ہوٹل رومز اگلے دو سالوں میں دبئی کے ہوٹلنگ، ریٹیل، ٹرانسپورٹ، خوراک و مشروبات (ایف اینڈ بی) اور دیگر شعبوں میں ہزاروں براہِ راست اور بالواسطہ ملازمتیں پیدا کریں گے۔

باہی عجمان پیلس اور کورل بیچ ریزورٹ شارجہ کے ایریا جنرل مینیجر افتخار حمدانی کا کہنا ہے کہ 11,300 ہوٹل رومز کے اضافے سے تقریباً 15,000 براہِ راست ملازمتیں پیدا ہوں گی، جب کہ ہر ہوٹل کی نوکری کے ساتھ 2 سے 3 بالواسطہ ملازمتیں ریٹیل، لاجسٹکس، تفریح اور سیاحت کی خدمات میں پیدا ہوں گی۔

رپورٹ کے مطابق، 2025 میں 4,619 نئے ہوٹل رومز کا اضافہ متوقع ہے، جن میں سے 1,685 کمرے لگژری ہوٹلز سے ہوں گے، جو مجموعی سپلائی کا 36 فیصد ہیں، جب کہ 1,520 کمرے اپر اپ اسکیل سیگمنٹ میں شامل ہوں گے۔

2024 میں دبئی نے 4,255 ہوٹل رومز کا اضافہ کیا، جس سے شہر میں ہوٹلوں کی مجموعی تعداد 724 تک پہنچ گئی، جن کے پاس 151,245 کمرے موجود ہیں۔

دبئی کا ہسپتالٹی سیکٹر مسلسل ترقی کر رہا ہے اور 2024 میں دبئی کی معیشت میں سیاحت نے 236 ارب درہم کا حصہ ڈالا، جو 2023 میں 220 ارب درہم تھا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button