
خلیج اردو
العین: العین کی کریمنل کورٹ نے ایتھوپین گھریلو ملازمہ اور اس کے دوست کو اپنے آجر کے ولا سے نقدی اور زیورات چوری کرنے کے الزام میں تین ماہ قید اور اس کے بعد ملک بدری کی سزا سنادی ہے۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق 25 سالہ ملازمہ ایم۔ٹی۔اے نے اپنے 30 سالہ دوست اے۔ایس۔اے کے ساتھ مل کر متعدد مرتبہ ولا میں داخل ہو کر قیمتی اشیاء چرائیں، جن میں پانچ ہزار درہم نقدی اور زیورات شامل تھے۔ ملزم کئی بار ولا میں داخل ہونے کی کوشش کرتا رہا۔
یہ مقدمہ 25 مئی 2025 کو شروع ہوا جب آجر نے فلج ہزعہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ آجر کو شک اس وقت ہوا جب ایک جزوقتی ملازمہ نے گھر میں مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دی۔ بعد ازاں آجر اور اس کی بہن نے گھر کی نگرانی فوٹیج دیکھی جس میں ملزم مرد کو ولا میں داخل ہونے کی کوشش کرتے دیکھا گیا۔ مزید شواہد پڑوسی سے بھی ملے جسے اپنے صحن میں ملزم کی گرائی ہوئی جیولری باکس ملا۔
پولیس نے ملازمہ کو گرفتار کیا تو اس نے اقرار کیا کہ وہ اس شخص کو پہلے سے جانتی تھی اور اس نے اسے شادی کے لیے پیسے جمع کرنے کے بہانے چوری پر اکسایا۔ اس نے یہ بھی تسلیم کیا کہ وہ پہلے بھی آجر کی بیٹیوں کے زیورات چراچکی ہے اور آجر کو یہ کہہ کر مطمئن کیا کہ وہ صرف گم ہوگئے ہیں۔
تحقیقات کے بعد پولیس نے ملزم مرد کو بھی گرفتار کیا، جس نے پہلے تو انکار کیا لیکن فوٹیج اور ملازمہ کے بیان کا سامنا کرنے کے بعد اعتراف جرم کرلیا۔
عدالت نے دونوں ملزمان کو قصوروار قرار دیتے ہوئے تین ماہ قید کی سزا سنائی اور قید مکمل ہونے پر انہیں ملک بدر کرنے کا حکم دیا۔







