
خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں پیر کے روز ایک بار پھر موسلا دھار بارش ہوئی جس نے گرمی کی شدت میں کمی لاتے ہوئے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق دبئی کے مرغیم، ابوظبی کے الظفرہ اور العین کے متعدد علاقوں بشمول ام غافہ، الفقع، ام الزمول اور ختم الشکلہ میں درمیانے سے لے کر شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔
موسمیاتی ادارے نے ملک کے بعض حصوں میں اورنج اور ییلو الرٹس بھی جاری کیے ہیں۔ عوام کو ممکنہ خطرناک موسمی حالات سے ہوشیار رہنے اور بیرونی سرگرمیوں کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
"اسٹورم سینٹر” نے العین کی سڑکوں پر ہونے والی بارش کی ویڈیوز بھی شیئر کیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بارش نے ڈرائیورز کو اچانک آ لیا۔
اس سے قبل دن کے آغاز پر آسمان پر گہرے بادلوں کی موجودگی نے بارش کی نوید دی تھی، خاص طور پر فجیرہ، خورفکان اور دیگر مشرقی ساحلی علاقوں میں بادل چھائے رہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ابوظبی میں درجہ حرارت کم ہو کر 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ دبئی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 اور کم سے کم 33 ڈگری، جبکہ شارجہ میں زیادہ سے زیادہ 42 اور کم سے کم 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔







