
خلیج اردو
ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے ہاتھوں پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی 7 وکٹوں سے عبرتناک شکست پر قومی ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے شکست کا ذمہ دار پچ کی ناقص صورتحال کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وکٹ کا معیار انتہائی غیر معیاری تھا، جس نے کھلاڑیوں کو اعتماد سے کھیلنے نہیں دیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم صرف 110 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جس کے جواب میں بنگال ٹائیگرز نے یہ ہدف 16ویں اوور میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔
سوشل میڈیا پر شائقین نے ٹیم کی کارکردگی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ صرف پچ کو ذمہ دار ٹھہرانا ناکامی سے نظریں چرانے کے مترادف ہے۔ بیشتر صارفین نے بیٹنگ لائن کی کمزوریاں اور ٹیم سلیکشن پر بھی سوالات اٹھائے۔
کوچ ہیسن کے بیان نے بحث کو مزید گرما دیا ہے، جہاں ماہرین اور شائقین دونوں ہی اب ٹیم کی مجموعی حکمت عملی پر سوال اٹھا رہے ہیں۔






