عالمی خبریں

فضا میں ہنگامہ، بھارتی شہری نے دورانِ پرواز دو کم عمر لڑکوں پر حملہ کر دیا، طیارہ بوسٹن میں ہنگامی طور پر اُتار لیا گیا

 

دبئی: شکاگو سے فرینکفرٹ جانے والی پرواز ایک خوفناک واقعے کے بعد ہنگامی طور پر بوسٹن لوگن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اُتار لی گئی، جب 28 سالہ بھارتی شہری پرنیت کمار اُسیری پالی نے مبینہ طور پر دورانِ پرواز دو نوعمر لڑکوں پر دھات کے کانٹے سے حملہ کیا اور دیگر مسافروں کو بھی زد و کوب کیا۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرنیت کمار پر طیارے میں خطرناک ہتھیار سے حملہ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ امریکی اٹارنی کے دفتر کے مطابق، اگر جرم ثابت ہو گیا تو ملزم کو 10 سال قید، 3 سال نگرانی میں رہائش، اور 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔

یہ واقعہ لفتھانزا فلائٹ 431 پر کھانے کی تقسیم کے کچھ دیر بعد پیش آیا، جو شکاگو اوہیئر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہو کر فرینکفرٹ جا رہی تھی۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق، 17 سالہ ایک لڑکا اپنی سیٹ پر سو رہا تھا کہ اچانک جاگا تو ملزم اس کے اوپر جھکا ہوا تھا، اور چند لمحوں بعد اس نے دھات کے کانٹے سے لڑکے کے بائیں کندھے پر وار کر دیا۔

عینی شاہدین کے مطابق ملزم نے دیگر مسافروں سے بھی بدتمیزی کی اور جہاز کے عملے کی ہدایت نہ مانی، جس کے بعد پائلٹ نے فوری طور پر طیارے کو بوسٹن کی طرف موڑ دیا۔ طیارہ محفوظ طریقے سے اُتارنے کے بعد ایف بی آئی نے ملزم کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button