عالمی خبریں

دبئی میں "کریئیٹ ایپس چیمپئن شپ” کا آغاز، 25 لاکھ درہم کے انعامات کے ساتھ ڈیجیٹل اختراعات کو فروغ دینے کا عزم

 

خلیج اردو

دبئی: دبئی چیمبر آف ڈیجیٹل اکانومی نے "کریئیٹ ایپس چیمپئن شپ” کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت فاتحین کو مجموعی طور پر 25 لاکھ درہم سے زائد کی فنڈنگ پیکجز فراہم کیے جائیں گے تاکہ ان کے خیالات کو ترقیاتی مرحلے سے مارکیٹ تک پہنچایا جا سکے۔

تقریب کے افتتاح پر دبئی کے ولی عہد، متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین، شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ دبئی کا عالمی سطح پر ڈیجیٹل تبدیلی کے مرکز کے طور پر ابھرنا، شیخ محمد بن راشد المکتوم کے جرات مندانہ ترقیاتی وژن کی عکاسی کرتا ہے۔

شیخ حمدان نے کہا کہ دبئی کی ڈیجیٹل ترقی مستقبل کی ضروریات کے مطابق صلاحیتوں کی تیاری اور دبئی اکنامک ایجنڈا D33 کے اہداف کے ساتھ ہم آہنگ حل پیدا کرنے سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دبئی ایک ایسا ماحول فراہم کر رہا ہے جو باصلاحیت افراد کو اپنی جانب متوجہ اور بااختیار بناتا ہے، اور انہیں علم، تخلیقی سوچ اور اختراع پر مبنی مستقبل کی طرف لے جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دبئی اپنی عالمی حیثیت کو مضبوط کر رہا ہے، جسے عالمی معیار کے انفراسٹرکچر اور کاروبار دوست قانونی فریم ورک کا سہارا حاصل ہے۔ دبئی کا ترقیاتی ماڈل سرکاری و نجی شعبوں کے اشتراک کو فروغ دیتا ہے تاکہ اختراعی ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

اس چیمپئن شپ کے پہلے دو ایڈیشنز کی کامیابی کے بعد اس سال مقابلے میں مزید جدت لائی گئی ہے۔ 2023 سے اب تک 5 ہزار 800 سے زائد ایپلی کیشنز جمع کرائی جا چکی ہیں، جن میں سے 55 سے زائد اسمارٹ ایپس مارکیٹ میں متعارف کرائی جا چکی ہیں۔ اس اقدام نے ڈیویلپرز کو بااختیار بنانے اور نئے آئیڈیاز کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

مقابلے میں چار کیٹیگریز شامل ہیں:
بیسٹ یوتھ ایپ، موسٹ امپیکٹ فل ایپ، موسٹ انوویٹو ایپ، اور نیا "لانجیویٹی ایپ آف دی ایئر” ایوارڈ۔
تین کیٹیگریز کے فاتحین کو 5 لاکھ 50 ہزار درہم سے زائد ملیں گے، جبکہ عوامی ووٹنگ سے منتخب ہونے والی ایپ کو "ایپ آف دی ایئر” کا خطاب اور 10 لاکھ درہم انعام دیا جائے گا۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے مصنوعی ذہانت و ڈیجیٹل اکانومی، عمر سلطان العلمہ نے کہا کہ یہ چیمپئن شپ اب ایک عالمی اقدام بن چکی ہے جو دنیا بھر سے تخلیق کاروں کو اپنی جانب متوجہ کر رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ دبئی کی اس صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے جو تیزی سے ترقی پذیر ڈیجیٹل دنیا کے ساتھ ہم آہنگ رہنے کی قوت رکھتی ہے۔

اس سال دو نئی شمولیتیں کی گئی ہیں:
"لانجیویٹی ایپ آف دی ایئر” ایوارڈ جو صحت و فلاح سے متعلق ایپس کو سراہنے کے لیے ہے،
اور "ایلومنی ایکسیلیریٹر پروگرام”، جس کے ذریعے 50 نئی ایپلی کیشنز کو مارکیٹ میں متعارف کرانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

شرکاء کو تربیت، رہنمائی اور ماہرین کی معاونت کے لیے ایک خصوصی حب بھی فراہم کیا جائے گا۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button