
خلیج اردو
دبئی میں منعقد ہونے والی ٹی 100 ریس کے تناظر میں سالک نے اتوار 16 نومبر کے لیے خصوصی ٹال ریٹس جاری کر دیے ہیں۔ اعلان کے مطابق صبح 6 بجے سے 10 بجے تک پیک آورز کے دوران ٹال فیس 4 درہم کے بجائے 6 درہم وصول کی جائے گی، جب کہ شام 4 بجے سے 8 بجے تک معمول کے مطابق 4 درہم ہی لاگو ہوں گے۔
سالک کے مطابق لو پیک آورز کی فیس بدستور 4 درہم رہے گی، جو 10 بجے سے 4 بجے تک اور پھر 8 بجے سے رات 1 بجے تک نافذ ہوگی۔ یہ اعلان سالک کی جانب سے جمعے کے روز سوشل میڈیا پر کیا گیا۔
ٹی 100 ٹرایا تھلون 15 اور 16 نومبر کو منعقد ہو رہا ہے، جس کا شیڈول دبئی فٹنس چیلنج کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے۔ اس ایونٹ میں عالمی شہرت یافتہ ایتھلیٹس 2 کلومیٹر تیراکی، 80 کلومیٹر سائیکلنگ اور 18 کلومیٹر دوڑ کا مقابلہ کریں گے۔
دوسری جانب سالک کمپنی، جو کہ دبئی کی واحد ٹول گیٹ آپریٹر ہے، نے جمعرات کو اعلان کیا کہ 2025 کے پہلے 9 ماہ میں کمپنی کا خالص منافع 1.14 ارب درہم رہا، جو کہ 39.1 فیصد اضافے کی نمائندگی کرتا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ اضافہ زیادہ ٹول فیس، جرمانوں اور نئے ٹیگ ایکٹیویشنز کے باعث ہوا۔







