
خلیج اردو
ابوظبی: امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ہدایت جاری کی ہے کہ ابوظبی کی سات مساجد کو ملک کی ساتوں امارات کے ناموں سے منسوب کیا جائے۔ یہ فیصلہ 54ویں قومی دن کی تقریبات کے موقع پر کیا گیا ہے۔
جنرل اتھارٹی فار اسلامک افیئرز، اوقاف و زکوٰۃ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر حبطور الدرعی کے مطابق یہ ساتوں مساجد محمد بن زاید سٹی میں قائم کی گئی ہیں جن کی مجموعی گنجائش تقریباً چھ ہزار نمازیوں کی ہے۔ ہر مسجد کا نام ایک ایک امارت کے نام پر رکھا جائے گا۔ یہ مساجد بارہ ہزار مربع میٹر کے رقبے پر تعمیر کی گئی ہیں اور جنوری 2026 تک عام نمازیوں کے لیے کھول دی جائیں گی۔
ڈاکٹر الدرعی نے بتایا کہ ان مساجد کی تعمیر جدید طرزِ تعمیر کے مطابق کی گئی ہے جس میں اسلامی فنون، روایتی ورثے اور جدید طرزِ تعمیر کو یکجا کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امارات کے صدر کی مساجد کی تعمیر اور عبادت گزاروں کے لیے سکون بخش ماحول فراہم کرنے کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ اس اقدام کا مقصد مساجد کے سماجی کردار کو مضبوط کرنا اور شہری ترقی کے ساتھ ہم آہنگ رہنا ہے۔







