
خلیج اردو
ابوظبی میں پالتو جانوروں کے شوقین افراد کے لیے بڑی سہولت متعارف کرا دی گئی ہے، جہاں نئی ترامیم کے تحت سیاحتی لائسنس رکھنے والے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کو مخصوص مقامات پر بلیوں اور کتوں جیسے پالتو جانوروں کو داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ محکمہ بلدیات و ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری کردہ نئے ضابطے کے تحت کیا گیا ہے، جس میں صحت، صفائی، سیکیورٹی اور جانوروں کی فلاح و بہبود کے اصولوں پر عمل کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
نئے قانون کے بعد ابوظبی کے مختلف ریسٹورنٹس اور کیفے مالکان نے اس فیصلے کو مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ یاس بے میں واقع EL&N کیفے نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے قانون کے نافذ ہوتے ہی پالتو جانوروں کو خوش آمدید کہنا شروع کر دیا ہے اور پہلے ہی دن ایک جوڑے کو ان کے چھوٹے کتے کے ساتھ سروس فراہم کی گئی۔ انتظامیہ کے مطابق یہ قدم پالتو جانور رکھنے والوں کے لیے ایک دیرینہ مسئلے کا حل ہے اور مستقبل میں مزید سہولیات متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔
کچھ کیفے ایسے بھی ہیں جہاں اس سے پہلے ہی مخصوص آؤٹ ڈور اور انڈور مقامات پر پالتو جانوروں کو لانے کی اجازت دی جاتی رہی ہے۔ یاس بے کے آرٹ مارکیٹ کیفے کی انتظامیہ کے مطابق متعدد گاہک اپنے کتوں کے ساتھ آتے ہیں، جبکہ ایک مستقل گاہک اپنے بولنے والے پرندے کے ساتھ بھی آتا ہے، جو پورے وقت مالک کے کندھے پر ہی رہتا ہے۔ کیفے کی جانب سے جانوروں کے لیے پانی کے برتن اور خصوصی توجہ بھی فراہم کی جاتی ہے۔
تاہم کچھ پالتو جانوروں کے مالکان نے اس فیصلے پر محتاط رویہ اختیار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بلیاں کتوں کے مقابلے میں کم سماجی ہوتی ہیں اور نئے ماحول میں ان کا ردعمل غیر متوقع ہو سکتا ہے، اس لیے ایسے مقامات کا انتخاب سوچ سمجھ کر کرنا ہوگا۔
ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ ایک دو دھاری تلوار کی مانند ہے۔ جانوروں کے رویے کی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر جانور تربیت یافتہ اور پرسکون ہوں تو یہ سہولت کامیاب ہو سکتی ہے، تاہم صفائی، الرجی، خوف اور رویے کے مسائل کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق سروس ڈاگز کے لیے ایسی سہولتیں ہر صورت یقینی ہونی چاہئیں۔
نئے ضابطے کے تحت ریسٹورنٹس اور ہوٹلز پر پالتو جانوروں کو اجازت دینا لازم نہیں بلکہ ان کی صوابدید پر ہوگا، تاہم اس فیصلے کو شہری طرزِ زندگی میں شمولیت اور سہولتوں کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جو پالتو جانور رکھنے والوں اور کاروباری طبقے دونوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا۔







