visa

2026 کے کمزور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری

 

 

عالمی سطح پر 2026 کے لیے کمزور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ تازہ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2026 کے مطابق سنگاپور ایک بار پھر دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ برقرار رکھنے میں کامیاب رہا، جس کے حامل افراد 192 ممالک میں ویزا فری سفر کر سکتے ہیں، جبکہ افغانستان بدستور دنیا کا کمزور ترین پاسپورٹ قرار پایا۔

رپورٹ کے مطابق افغان پاسپورٹ رکھنے والے شہری صرف 24 ممالک میں بغیر پیشگی ویزا سفر کر سکتے ہیں، جس کے باعث افغانستان 101 ویں اور آخری نمبر پر رہا۔

فہرست میں ایک درجہ اوپر شام 100 ویں نمبر پر ہے، جس کے شہریوں کو 26 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہے۔ عراق 99 ویں نمبر پر رہا، جہاں پاسپورٹ ہولڈرز 29 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔

پاکستان اور یمن مشترکہ طور پر 98 ویں نمبر پر ہیں، دونوں ممالک کے شہریوں کو 31 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہے۔

فہرست کے مطابق صومالیہ 97 ویں نمبر پر ہے، جس کے بعد نیپال 96 ویں اور بنگلہ دیش 95 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ ان ممالک کے پاسپورٹس بالترتیب 33، 35 اور 37 ممالک میں ویزا فری سفر کی سہولت دیتے ہیں۔

94 ویں نمبر پر اریٹیریا، شمالی کوریا اور فلسطینی علاقوں کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر موجود ہیں، جن کے شہری 38 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔

لیبیا اور سری لنکا 93 ویں نمبر پر ہیں، جہاں پاسپورٹ ہولڈرز کو 39 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہے، جبکہ ایران 92 ویں نمبر پر ہے اور ایرانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد 40 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2026 میں عالمی سطح پر ریکارڈ تعداد میں لوگ سفر کریں گے، تاہم بہت سے ممالک کے لیے صرف پاسپورٹ ہونا سرحدیں عبور کرنے کے لیے کافی نہیں رہا۔

 

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button