
خلیج اردو
برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای پر امریکی اور اسرائیلی حملے کے دوران ان کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای بال بال بچ گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای اس میزائل حملے میں محفوظ رہے جس میں ان کے والد آیت اللہ خامنہ ای شہید ہوئے، تاہم حملے کے وقت وہ اپنے رہائشی کمپاؤنڈ کے باغ میں موجود تھے، جس کی وجہ سے براہِ راست حملے کی زد میں نہیں آئے۔
اخبار نے مزید دعویٰ کیا کہ اس دوران مجتبیٰ خامنہ ای کی ایک ٹانگ زخمی ہوئی اور وہ اس وقت ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ آپریشن کامیاب رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای تاحال منظرِ عام پر نہیں آئے، جس کے باعث ان کی صحت کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری ہیں۔
تاہم اس حوالے سے ایرانی حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی، جس کے باعث اس خبر کی حقیقت پر سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں اور اسے غیر مصدقہ دعوؤں میں شمار کیا جا رہا ہے۔





