متحدہ عرب امارات

لڑکیوں کی کرکٹ میں بڑھتی دلچسپی متحدہ عرب امارات، برازیل، نائجیریا، انڈونیشیا اور دیگر ممالک میں اس کھیل کے فروغ کا اہم ذریعہ بن رہی ہے

خلیج اردو
لڑکیوں کی کرکٹ میں بڑھتی دلچسپی متحدہ عرب امارات، برازیل، نائجیریا، انڈونیشیا اور دیگر ممالک میں اس کھیل کے فروغ کا اہم ذریعہ بن رہی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایک ترقیاتی پروگرام کے ذریعے ایسے ملکوں کے سکولوں میں کرکٹ متعارف کرائی جا رہی ہے جہاں اس کھیل کی کوئی خاص تاریخ یا روایت موجود نہیں، جبکہ ابتدائی سطح پر کھیلنے والی لڑکیاں اب قومی ٹیموں تک پہنچ رہی ہیں۔

آئی سی سی کا ’’کریو‘‘ پروگرام 2021 میں عالمی سطح پر شروع کیا گیا تھا، جس کے تحت کرکٹ سے ناواقف یا کم واقف ممالک میں اب تک 10 لاکھ کھلاڑی اس کھیل سے متعارف ہوچکے ہیں۔ روانڈا، نائجیریا، انڈونیشیا، اٹلی، چین، ساموا، متحدہ عرب امارات اور برازیل سمیت کئی ملکوں میں سکولوں کے ذریعے بچوں کو کرکٹ کی بنیادی تربیت دی جا رہی ہے۔

اس پروگرام سے سامنے آنے والی کھلاڑیوں میں 14 سالہ ارجنٹائنی لڑکی لونا اولیویرا بھی شامل ہیں، جو 2023 میں کریو پروگرام کا حصہ بنی تھیں اور حال ہی میں ارجنٹائن کی انڈر 19 ویمنز ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں۔ نائجیریا کی چیسوم میری اوکے بھی اسی پروگرام سے سامنے آئی ہیں اور 2027 کے آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم میں جگہ بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

نائجیریا کی انڈر 19 ویمنز ٹیم نے افریقی کوالیفائنگ مقابلے میں روایتی کرکٹ ملک زمبابوے کو سنسنی خیز میچ میں شکست دے کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔ ٹیم کی کپتان کرسٹیبل چکوونیے اس کامیابی پر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔ اوکے نے 2025 میں کرکٹ شروع کی تھی اور اب ان کے پاس اگلے سال انڈر 19 ورلڈ کپ میں ملک کی نمائندگی کا موقع ہے۔

آئی سی سی کے عالمی ترقیاتی شعبے کے سربراہ ول گلین رائٹ کے مطابق کریو پروگرام توقع سے زیادہ تیزی سے آگے بڑھا ہے، تاہم اس کی اصل صلاحیت ابھی سامنے آنا باقی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی تربیتی مواد اور وسائل مقامی زبانوں میں اپنے رکن ممالک کو مفت فراہم کرتی ہے، جبکہ متعلقہ ملک اپنے حالات اور ضروریات کے مطابق اس پروگرام کو آگے بڑھاتے ہیں۔

گلین رائٹ کے مطابق برازیل، روانڈا، انڈونیشیا اور ساموا جیسے ملکوں میں کرکٹ کو ابتدائی طور پر لڑکیوں کے کھیل کے طور پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جہاں فٹبال جیسے کھیل پہلے سے مضبوط ہیں اور انہیں زیادہ تر مردوں سے منسوب کیا جاتا ہے، وہاں کرکٹ کو لڑکیوں کے کھیل کے طور پر پیش کرنے سے ایک بڑی نئی آبادی کو کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔ اس حکمت عملی کے نتیجے میں کھلاڑیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور وہ قومی ٹیموں کے انتخابی مراحل تک پہنچ رہی ہیں۔

انڈونیشیا اس پیش رفت کی نمایاں مثال ہے۔ حالیہ ویمنز ایشیا کپ کے دوران انڈونیشیا کی کپتان نی پوتو آیو نندا سکارینی نے بتایا کہ ملک میں رجسٹرڈ کرکٹرز کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ گلین رائٹ کے مطابق انڈونیشیا کی قومی ٹیم کی پانچ کھلاڑیوں نے کریو پروگرام کے ذریعے پہلی مرتبہ کرکٹ کھیلی اور چند ہی برسوں میں عالمی سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی کرنے لگیں۔ ان میں سے کئی لڑکیوں کے لیے اپنے صوبے سے باہر نکل کر بین الاقوامی مقابلے میں شرکت کا یہ پہلا موقع تھا۔

متحدہ عرب امارات میں بھی خواتین کی کرکٹ نے نمایاں ترقی کی ہے۔ بھارت کی سابق ڈومیسٹک کرکٹر چایا مغل 2010 میں ٹیچر کی ملازمت کے لیے دبئی آئیں، جہاں انہیں سکول میں ملازمت تو مل گئی لیکن بعد میں وہ متحدہ عرب امارات کی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بھی بن گئیں۔ ان کی قیادت میں اماراتی ٹیم نے 2022 میں پہلی مرتبہ ایشیا کپ میں شرکت کی۔ قومی ٹیم حال ہی میں مسلسل تیسری مرتبہ ایشیا کپ میں شریک ہوئی، جبکہ انڈر 19 ٹیم نے 2027 کے ویمنز انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا ہے۔

ریٹائرمنٹ کے بعد چایا مغل اب ویمنز کرکٹ ڈیولپمنٹ آفیسر کی حیثیت سے اس کھیل کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہیں۔ ان کی ٹیم امارات کے سکولوں میں جا کر لڑکیوں کو بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی تربیت دیتی ہے۔ ان کے مطابق مضبوط قومی ٹیم بنانے کے لیے صرف بہترین 15 کھلاڑیوں کی کوچنگ کافی نہیں، بلکہ سیکڑوں دوسری لڑکیوں کو بھی کھیلنے کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ مستقبل کے لیے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد دستیاب ہو۔

چایا مغل کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیائی پس منظر رکھنے والی لڑکیوں کو کرکٹ کی طرف راغب کرنا نسبتاً آسان ہے، تاہم عرب اور مقامی اماراتی لڑکیوں میں ہارڈ بال کرکٹ کا شوق پیدا کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ عربی بولنے والی طالبات کے سکولوں میں کرکٹ سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا، جہاں لڑکیوں نے اسے تفریحی کھیل کے طور پر پسند کیا، لیکن اب تک کسی نے باقاعدہ ہارڈ بال کرکٹ کھیلنے میں دلچسپی ظاہر نہیں کی۔ انہیں امید ہے کہ آئندہ کریو فیسٹیولز کے ذریعے مقامی سکولوں سے بھی لڑکیاں کرکٹ کو مستقل طور پر اپنا سکیں گی۔

آئی سی سی کو امید ہے کہ 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی سے اس کھیل کو دنیا بھر میں فروغ دینے کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔ اس سلسلے میں چین کو خاص اہمیت حاصل ہے، جہاں کریو پروگرام شروع ہوچکا ہے اور بیجنگ، گوانگ ژو سمیت مختلف شہروں میں سرگرمیاں جاری ہیں۔ آئی سی سی نے چین کی دو جامعات کے ساتھ بھی شراکت داری کی ہے، جہاں جسمانی تعلیم کے اساتذہ کو کرکٹ کی تربیت دی جا رہی ہے۔ پروگرام کا مواد چینی زبان میں بھی منتقل کیا گیا ہے۔

گلین رائٹ کے مطابق آئی سی سی کی کوشش ہے کہ کرکٹ کو چین کے نیشنل گیمز اور آل چائنا گیمز میں شامل کرایا جائے تاکہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ سکولوں میں اس کھیل کو نصاب کا حصہ بنانے کے لیے بات چیت آسان ہوسکے۔

افغانستان نے کئی دہائیوں کے تنازعات کے باوجود عالمی کرکٹ میں نمایاں مقام حاصل کیا اور 2024 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ آئی سی سی حکام کے مطابق نائجیریا، انڈونیشیا، برازیل، ساموا، چین اور روانڈا کے لیے مستقبل قریب میں افغانستان جیسی کامیابی دہرانا شاید آسان نہ ہو، تاہم ان ممالک کی انڈر 19 ٹیموں کی عالمی مقابلوں تک رسائی حوصلہ افزا ہے۔

ول گلین رائٹ کا کہنا ہے کہ اگلے پانچ برسوں میں انڈر 19 سطح پر کھیلنے والے کھلاڑی سینئر قومی ٹیموں کا حصہ بننا شروع ہوجائیں گے۔ آئی سی سی کا ہدف ہے کہ آئندہ 20 برسوں میں ان میں سے کئی ممالک مردوں اور خواتین کے سینئر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں اور ٹورنامنٹس کے ناک آؤٹ مرحلوں تک بھی پہنچیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button