
خلیج اردو
غیر ملکی کھلاڑیوں کی جانب سے لیگ چھوڑنے کے اعلانات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ متحرک ہو گیا ہے اور قواعد کے مطابق کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ جو کھلاڑی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لیگ چھوڑ رہے ہیں، ان کے خلاف جرمانے اور پابندی سمیت سخت اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام فیصلے کھلاڑیوں کے معاہدوں کے مطابق ہوں گے۔
محسن نقوی کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے لیگ چھوڑنے والے کھلاڑیوں کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور ماضی کی طرح اس بار بھی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔
چیئرمین پی سی بی نے پاکستان کو سیکیورٹی کے لحاظ سے محفوظ ترین ممالک میں سے ایک قرار دیتے ہوئے سیکیورٹی اداروں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
لیگ چھوڑنے والے کھلاڑیوں میں داسن شناکا، کاربن بوش، گوداکیش موتی اور بلیسنگ موزاربانی شامل ہیں جنہوں نے مختلف وجوہات کی بنا پر دستبرداری اختیار کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں اور مقامی کرکٹرز بھی لیگ کو کامیاب بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔







