خلیجی خبریں

ایران نے امریکی تجاویز مسترد کردیں، جنگ بندی کیلئے حملوں کا خاتمہ لازمی قرار، ایرانی حکام کا سخت مؤقف، سفارتکاری پر عدم اعتماد کا اظہار

خلیج اردو
ایران نے امریکی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ انہیں غیر مناسب سمجھتا ہے اور موجودہ حالات میں اپنی شرائط پر قائم رہے گا۔ ایرانی حکام کے مطابق جنگ کے خاتمے کی پہلی شرط حملوں کا رکنا اور ایرانی عہدیداروں کے قتل کا سلسلہ ختم ہونا ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ اختیار نہیں دیا جا سکتا کہ وہ جنگ کے خاتمے کے وقت کا تعین کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کی دفاعی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک اس کی شرائط پوری نہیں ہوتیں اور ایران اس جنگ کو اپنے وقت اور اپنے طریقے سے ختم کرے گا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مذاکرات کے دوران ایران پر حملوں کو سفارتکاری سے “غداری” قرار دیتے ہوئے کہا کہ “ہمیں امریکی سفارتکاری کا نہایت تباہ کن تجربہ ہوا ہے”۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 9 ماہ میں دو مرتبہ مذاکرات کے دوران ایران کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ گزشتہ 24 دنوں کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

ترجمان کے مطابق ایرانی مسلح افواج علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ مختلف ممالک نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے اور دیگر ممالک ایران سے رابطے میں ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ نے پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک اہم ہمسایہ ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔ ترجمان کے مطابق “ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی نیت مثبت ہے”۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button