عالمی خبریں

فلپائن میں نائب صدر سارا ڈوٹیرٹے کے خلاف مواخذے کی منظوری، ایوان کی کمیٹی نے الزامات کو حتمی مرحلے کیلئے بھیج دیا

خلیج اردو
سارا ڈوٹیرٹے کے خلاف مواخذے کی کارروائی میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں فلپائن ہاؤس آف ریپریزنٹیٹوز کی کمیٹی برائے انصاف نے متفقہ طور پر مواخذے کی رپورٹ اور قرارداد منظور کر لی ہے۔

کمیٹی کے تمام 55 اراکین نے رپورٹ کے حق میں ووٹ دیا، جس میں نائب صدر پر عوامی فنڈز کے غلط استعمال، آئین کی خلاف ورزی، اختیارات کے غلط استعمال اور اثاثوں میں غیر واضح اضافے جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تقریباً 61 کروڑ 25 لاکھ پیسو کے خفیہ اور انٹیلی جنس فنڈز کے مبینہ غلط استعمال کا الزام بھی شامل ہے، جن میں صرف 11 دن میں بڑی رقم کے اخراجات کے دعوے کیے گئے ہیں۔

کمیٹی نے یہ بھی مؤقف اپنایا کہ بعض فنڈز مبینہ طور پر غیر مجاز رپورٹس کی تیاری کیلئے استعمال کیے گئے جو اختیارات کے غلط استعمال کے زمرے میں آتا ہے۔

اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ بعض ویڈیوز اور بیانات کی بنیاد پر سنگین الزامات پر غور کیا گیا ہے، جبکہ مالی گوشوارے بھی شفافیت کے حوالے سے سوالات پیدا کرتے ہیں۔

اب یہ رپورٹ فلپائن ہاؤس آف ریپریزنٹیٹوز کے مکمل اجلاس میں پیش کی جائے گی، جہاں مواخذے کی منظوری کیلئے کم از کم 106 ووٹ درکار ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اگر ایوان نے منظوری دی تو معاملہ سینیٹ کو بھیجا جائے گا، جہاں مکمل ٹرائل ہوگا۔

فلپائن کی سینیٹ نے پہلے ہی عندیہ دیا ہے کہ وہ ٹرائل کیلئے تیار ہے، تاہم دستاویزات کے جائزے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

ادھر سارا ڈوٹیرٹے کی قانونی ٹیم نے کہا ہے کہ وہ سینیٹ ٹرائل کیلئے تیار ہیں، جبکہ نائب صدر اس وقت بیرون ملک دورے پر ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button