
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں مقیم ہزاروں بھارتی شہری گرمیوں کی تعطیلات میں سفر کی تیاریوں کے دوران اس وقت پریشانی کا شکار ہیں جب انہیں معلوم ہوا کہ ان کے پاسپورٹ کی میعاد ختم ہونے کے قریب ہے، جبکہ نئے پاسپورٹ (ری ایشو) کے لیے اپائنٹمنٹ حاصل کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
متعدد افراد نے بتایا کہ آن لائن اپائنٹمنٹ حاصل کرنے کی بارہا کوششوں کے باوجود کامیابی نہیں ملی، جس کے باعث سفر کی تاریخ قریب آنے پر شدید ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ مشکلات اس وقت بڑھ گئیں جب دبئی میں بھارتی قونصل خانے اور ابوظبی میں بھارتی سفارت خانے نے پاسپورٹ اور دیگر قونصلر خدمات کے لیے واک اِن کی سہولت ختم کرکے پیشگی آن لائن اپائنٹمنٹ لازمی قرار دے دی۔
دبئی میں مقیم نہا بھگوت نے بتایا کہ ان کے بیٹے کا پاسپورٹ تھائی لینڈ کے سفر کے لیے درکار چھ ماہ کی لازمی میعاد سے صرف تین دن کم رہ گیا تھا، جبکہ سفری ٹکٹ پہلے ہی بک ہو چکے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اپائنٹمنٹ لنک بار بار کام نہیں کر رہا تھا اور ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے محدود نشستوں کے لیے سب ایک ساتھ کوشش کر رہے ہوں۔ کئی ناکام کوششوں کے بعد بالآخر انہیں اپائنٹمنٹ مل گئی۔
نہا بھگوت کے مطابق جمعہ کو بھارتی قونصل خانے پہنچنے پر تقریباً ایک کلومیٹر طویل قطار لگی ہوئی تھی، جہاں صرف تصدیق شدہ اپائنٹمنٹ رکھنے والوں کو اندر جانے کی اجازت دی جا رہی تھی جبکہ واک اِن درخواست گزاروں کو واپس بھیجا جا رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ درخواست جمع ہونے کے بعد کئی دنوں کے دباؤ کے باعث وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور قونصل خانے میں ہی آبدیدہ ہو گئیں۔
دوسری جانب بعض افراد کی مشکلات تاحال برقرار ہیں۔ حسیب خان کا کہنا ہے کہ وہ متعدد بار اپائنٹمنٹ لینے کی کوشش کر چکے ہیں لیکن انہیں تصدیقی ای میل موصول نہیں ہو رہی، حالانکہ انہیں فوری طور پر بیرونِ ملک سفر کرنا ہے۔
ہرمیت سوری نے بتایا کہ ان کی بیٹی کے پاسپورٹ کی تجدید کی درخواست جمع ہو چکی ہے، تاہم انہیں ای میل کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ نیا پاسپورٹ تقریباً تین ہفتوں میں ملے گا، جس سے اگست کے آغاز میں طے شدہ سفر کے حوالے سے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
بھارتی قونصل خانے کے مطابق گرمیوں میں غیر معمولی رش کے باعث اپائنٹمنٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔ دبئی میں روزانہ ایک ہزار سے زائد افراد قونصلر خدمات کے لیے رجوع کر رہے ہیں۔
بھارتی سفارت خانے اور قونصل خانے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پاسپورٹ، ویزا اور تصدیقی خدمات کے لیے صرف سرکاری ویب پورٹل کے ذریعے مفت اپائنٹمنٹ حاصل کریں اور کسی ایجنٹ یا غیر مجاز ادارے کو رقم ادا نہ کریں۔







