
خلیج اردو
عمان میں حکام نے دو مختلف واقعات میں ایک بچے سمیت 4 افراد کو ڈوبنے سے بچا لیا۔ رائل عمان پولیس کے مطابق دونوں واقعات حالیہ دنوں میں پیش آئے۔
پہلا واقعہ مسقط کے قرم بیچ کے قریب پیش آیا جہاں تین افراد کشتی رانی کی مشق کر رہے تھے کہ ان کی کشتی الٹ گئی۔
کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں افراد کو بحفاظت پانی سے نکال لیا۔
دوسرے واقعے میں شمالی الباطنہ گورنریٹ میں کوسٹ گارڈ پولیس کی ایک گشتی ٹیم نے صحار کے سلور جوبلی پارک کے قریب سمندر میں ایک بچے کو ڈوبنے کے قریب دیکھا۔
ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر بچے کو پانی سے نکالا اور اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی جس کے بعد اس کی حالت بہتر ہوگئی۔
عمان اور سعودی عرب کے حکام نے خطے میں متوقع غیر یقینی موسمی صورتحال کے باعث الرٹ بھی جاری کیے ہیں۔ پیش گوئی کے مطابق بعض علاقوں میں شدید بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا امکان ہے جس کے باعث سمندری حالات بھی خراب ہوسکتے ہیں۔
عمانی حکام کے مطابق حجر پہاڑی سلسلے پر گرج چمک والے بادل بنتے رہیں گے جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں بارش، گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ آنے والے دنوں میں خراب موسم کا دائرہ مزید علاقوں تک پھیل سکتا ہے۔
حکام نے شہریوں اور سیاحوں کو سمندر میں جانے کے دوران احتیاط برتنے اور خراب موسم میں غیر ضروری طور پر پانی کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔







