متحدہ عرب امارات

1961 سے لاپتا امین کی تلاش دوبارہ شروع، دبئی کا خاندان 65 سال بعد بھی اپنے پیارے کی واپسی کا منتظر

خلیج اردو
1961 میں MV Dara کے ہولناک حادثے کے دوران لاپتا ہونے والے اماراتی بچے امین کی تلاش 65 سال بعد ایک بار پھر تیز کردی گئی ہے۔ دبئی کا خاندان آج بھی اس امید میں ہے کہ امین زندہ بچ گئے تھے اور کسی دوسرے خاندان میں پرورش پائی۔

امین حادثے کے وقت تقریباً 5 یا 6 سال کے تھے۔ اگر وہ آج زندہ ہیں تو ان کی عمر تقریباً 71 یا 72 سال ہوگی۔

خاندان کے مطابق تقریباً ایک سال قبل سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو نے تلاش کو نئی امید دی۔ ایک ایسے شخص کے بارے میں معلومات سامنے آئیں جو حادثے کے دوران امین کو دیکھنے کا دعویٰ کرتا تھا۔ بتایا گیا کہ اس شخص نے امین کو اٹھا کر لائف بوٹ تک پہنچایا لیکن خود کشتی میں جگہ نہ ہونے کے باعث بچے کو ایک خاتون کے حوالے کردیا اور اسے بتایا کہ یہ دبئی سے تعلق رکھنے والا امین ہے، اسے اس کے خاندان تک پہنچایا جائے۔

خاندان کا کہنا ہے کہ انہیں اس واقعے کے بارے میں 65 سال تک کوئی علم نہیں تھا۔ اب انہوں نے Find Amin کے نام سے انسٹاگرام پیج بھی قائم کیا ہے تاکہ ان لوگوں تک پہنچا جاسکے جن کے والدین یا دادا دادی 1961 کے حادثے کے دوران امدادی کارروائیوں میں شامل تھے۔

امین اپنی والدہ اور بہن بھائیوں کے ساتھ جہاز میں سفر کررہے تھے۔ حادثے کے دوران وہ اپنے 9 سالہ بھائی کا ہاتھ پکڑے ہوئے تھے، تاہم مسافروں میں بھگدڑ کے دوران دونوں بھائی ایک دوسرے سے جدا ہوگئے۔ بڑا بھائی زندہ بچ کر دبئی واپس آگیا لیکن امین کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

خاندان کے لیے بحرین بھی تلاش کا ایک اہم مرکز ہے کیونکہ امین کے ایک کم عمر بھائی کو حادثے کے بعد ایک شخص نے بچا کر بحرین پہنچایا تھا، جہاں سے بعد میں اسے دبئی واپس لایا گیا۔ خاندان اب یہ جاننے کی کوشش کررہا ہے کہ امین کو لے جانے والی لائف بوٹ کہاں پہنچی اور کیا انہیں بحرین یا خلیج کے کسی دوسرے علاقے میں لے جایا گیا تھا۔

خاندان کا کہنا ہے کہ اگر بحرین سے کوئی قابلِ اعتماد معلومات سامنے آئیں تو وہ خود وہاں جانے کے لیے تیار ہیں۔

سوشل میڈیا پر تلاش کے دوران کچھ نئی معلومات بھی سامنے آئی ہیں تاہم خاندان نے موجودہ سراغ کی بعض تفصیلات اس وقت تک ظاہر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب تک ان کی تصدیق نہ ہوجائے۔

خاندان کے مطابق اگر کوئی شخص امین ہونے کا دعویٰ کرتا ہے یا کسی ایسے شخص کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے جو امین کا بیٹا یا پوتا ہوسکتا ہے تو DNA ٹیسٹ کے ذریعے رشتے کی تصدیق کی جاسکتی ہے۔

MV Dara کا حادثہ اپریل 1961 میں پیش آیا تھا جب دھماکے اور آگ کے باعث مسافر بردار جہاز تباہ ہوگیا اور اس وقت کے بدترین سمندری حادثات میں شامل اس سانحے میں سینکڑوں افراد جان سے گئے۔

65 سال گزرنے کے باوجود امین کا خاندان امید نہیں چھوڑ رہا۔

خاندان کا کہنا ہے: "اگر یہ پیغام آپ تک پہنچے تو جان لیں کہ کوئی آپ سے محبت کرتا ہے اور آج بھی آپ کا انتظار کررہا ہے۔ آپ کو دوبارہ دیکھنے کی امید ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button