
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے بعض اسکولوں نے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر والدین اور طلبہ کو آگاہ کیا ہے کہ اس سال اکتوبر کی نصف مدتی چھٹی ایک ہفتہ پہلے ہوگی۔ دبئی کے کچھ اسکولوں میں چھٹی 12 سے 16 اکتوبر تک مقرر کی گئی ہے جبکہ پہلے یہ چھٹی 19 سے 23 اکتوبر تک ہونی تھی۔ اسکولوں کے مطابق تاریخوں میں تبدیلی وزارت تعلیم اور دبئی کی نالج اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے مشترکہ تعلیمی کیلنڈر کے مطابق کی گئی ہے۔
دبئی برٹش اسکول، صفا برٹش اسکول اور عرب یونٹی اسکول سمیت متعدد اداروں نے والدین کو نئی تاریخوں سے متعلق نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ اسکول انتظامیہ نے اعتراف کیا کہ بعض والدین نے پہلے سے پرانی تاریخوں کے مطابق سفری منصوبے بنائے تھے اور تبدیلی سے ہونے والی زحمت پر معذرت بھی کی ہے۔
کچھ والدین نے چھٹیوں کی تاریخ تبدیل ہونے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ برطانوی نصاب کے طلبہ کے والدین کا کہنا ہے کہ نئی تاریخیں اے ایس اور اے لیول کے امتحانات کی تیاری اور شیڈول کو متاثر کرسکتی ہیں جبکہ بعض خاندانوں نے پرانی تاریخوں کے مطابق چھٹیوں کے ٹکٹ اور ٹور پیکیجز بھی بک کر رکھے تھے۔
دوسری جانب شارجہ کے بعض اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی نصف مدتی چھٹیوں کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں ملی۔ وزارت تعلیم نے رواں سال فروری میں سرکاری اور نجی اسکولوں کیلئے آئندہ تین سال کا تعلیمی کیلنڈر جاری کیا تھا تاہم مقامی تعلیمی حکام کو نجی اسکولوں کیلئے چھٹیوں کی تقسیم میں کچھ لچک دی گئی ہے۔







