متحدہ عرب امارات

رونالڈو النصر کے ساتھ ایشین چیمپئنز لیگ میچ کے لیے العین پہنچ گئے

خلیج اردو
پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو النصر کی ٹیم کے ہمراہ متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، جہاں النصر منگل کو ایشین چیمپئنز لیگ میں العین ایف سی کے خلاف میچ کھیلے گا۔ 41 سالہ رونالڈو نے اگست میں کہا تھا کہ ممکنہ طور پر یہ فٹبال میں ان کا آخری سال ہوگا۔

رونالڈو اپنے کلب کیریئر میں تقریباً تمام بڑی کامیابیاں حاصل کرچکے ہیں، جن میں پانچ یوئیفا چیمپئنز لیگ ٹائٹلز بھی شامل ہیں، تاہم ایشین چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل اب تک ان کے اعزازات میں شامل نہیں ہوسکا۔

النصر رواں سیزن میں سابق ٹوٹنہم کوچ اینج پوسٹی کوگلو کی زیرنگرانی میدان میں اتر رہا ہے۔ ٹیم میں رونالڈو کے علاوہ کنگسلے کومان، سادیو مانے اور پرتگال کے جواؤ فیلکس جیسے عالمی معیار کے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ سعودی پرو لیگ میں النصر چھ میچوں کے بعد دوسرے نمبر پر ہے جبکہ رونالڈو پانچ لیگ میچوں میں تین گول کرچکے ہیں۔

ایشین چیمپئنز لیگ میں سعودی عرب کی ٹیموں کو مضبوط امیدوار سمجھا جارہا ہے۔ رواں مقابلے میں 32 ٹیموں میں سعودی عرب کی پانچ ٹیمیں شامل ہیں۔ ایشیا کی مضبوط فٹبال ٹیموں میں شمار ہونے والے جاپان کے کلب سعودی ٹیموں کے لیے بڑا چیلنج بن سکتے ہیں، کیونکہ جاپانی ٹیمیں گزشتہ چار ایڈیشنز کے فائنل تک پہنچ چکی ہیں۔

النصر کو ٹائٹل کی دوڑ میں سعودی کلب الہلال سے بھی سخت مقابلے کا سامنا ہوگا، جس نے حالیہ ٹرانسفر ونڈو میں انگلینڈ کے اسٹرائیکر اولی واٹکنز اور آرسنل کے برازیلین ونگر گابریل مارٹینیلی کو مجموعی طور پر 15 کروڑ ڈالر میں سائن کیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button