
خلیج اردو
دبئی کا معروف تفریحی اور خاندانی مرکز گلوبل ولیج سیزن 31 کے لیے 14 اکتوبر 2026 کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ نیا سیزن مئی 2027 تک سات ماہ سے زائد جاری رہے گا اور ’’اے مور ونڈرفل ورلڈ‘‘ کے عنوان کے تحت تفریح، خریداری، کھانے اور ثقافتی سرگرمیوں سمیت نئی سہولیات پیش کی جائیں گی۔
گلوبل ولیج کے مطابق نئے سیزن میں متعدد نئے اور دلچسپ تجربات متعارف کرائے جائیں گے، جن کا مقصد سیاحوں کو بار بار یہاں آنے اور منفرد سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کی ترغیب دینا ہے۔ 1997 میں آغاز کے بعد گلوبل ولیج دبئی کے ثقافتی اور تفریحی کیلنڈر کا اہم حصہ بن چکا ہے اور ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں افراد کو متوجہ کرتا ہے۔
سیزن 30 کا اختتام 31 مئی 2026 کو ہوا، جس میں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے باعث تین ہفتوں کی توسیع بھی کی گئی تھی۔ اس سیزن کے دوران 30 پویلینز میں 90 سے زائد ثقافتوں کی نمائندگی کی گئی جبکہ 3 ہزار 500 سے زائد دکانیں اور 250 سے زیادہ کھانے پینے کے تجربات فراہم کیے گئے۔
سیزن 30 میں 450 بین الاقوامی فنکاروں نے 40 ہزار 500 سے زائد پرفارمنسز پیش کیں جبکہ کارنیوال میں 200 سے زائد جھولے اور کھیل بھی موجود تھے۔
نئے سیزن سے قبل گلوبل ولیج نے کھانے پینے کے کاروباروں کے لیے رجسٹریشن بھی شروع کردی ہے، جس کے لیے درخواستیں 16 ستمبر تک جمع کرائی جاسکتی ہیں۔







