
خلیج اردو
اسلام آباد میں سینئر پولیس افسر محمد بن اشرف کے گھر کام کرنے والی 13 سالہ فاطمہ کی موت سے متعلق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے، جس میں بچی کی موت کی وجہ بار بار جسمانی تشدد کو قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تشدد کے باعث بچی کے جسم پر شدید چوٹیں اور سوزش پیدا ہوئی، جس کے نتیجے میں خون کے لوتھڑے بنے اور دل و پھیپھڑوں نے کام کرنا بند کردیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے دوران مبینہ تشدد میں استعمال ہونے والی استری اور ڈنڈا بھی برآمد کرلیا ہے۔ مرکزی ملزمہ افشاں علی نے بچی پر تشدد کرنے سے انکار کیا ہے، جبکہ ملزم قاری علی رضا نے پولیس کو دیے گئے بیان میں دعویٰ کیا کہ ملزمہ اکثر بچی کو ڈنڈے مارتی تھی۔
ملزم کے بیان کے مطابق بچی کی حالت زیادہ خراب ہونے پر پہلے پولیس لائن کے ڈسپنسر سے اس کا طبی معائنہ کرایا گیا۔ ڈسپنسر نے معاملے کو سنگین قرار دیا تو بچی کو نجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پولیس پر شدید دباؤ کے باوجود مقدمہ درج کیا گیا اور ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے مطابق بچی کا والد مقدمہ درج نہیں کرانا چاہتا تھا، تاہم پولیس نے دباؤ کے باوجود قانونی کارروائی کی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پولیس معاملے کی بھرپور تفتیش کرے گی۔
خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے 13 سالہ فاطمہ اصغر کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جامع، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات ناقابلِ قبول ہیں اور کسی بچے کو تشدد، بدسلوکی یا استحصال کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 13 سالہ بچے کو گھریلو ملازم رکھنے کی قانوناً اجازت نہیں۔







